عالمی ادارہ خوراک وزراعت نے بھارت میں بھوک کی سنگین صورت حال کی نشاندھی کر دی
"بھارت میں بچوں میں لاغرپن کی شرح ِ18.7فیصد ہے، جو دنیا میں سب سے زیادہ ہے
نیویارک( ویب نیوز)
عالمی ادارہ خوراک وزراعت نے بھارت میں بھوک کی”سنگین صورت حال کی نشاندھی کی ہے ۔”بھارت میں بچوں میں لاغرپن کی شرح ِ18.7فیصد ہے، جو دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔اقوام متحدہ کے ادارے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائیزیشن(ایف اے او)کے تازہ ترین گلوبل ہنگر انڈیکس میں کل 125ملکوں میں بھارت 111 نمبر پر ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھوک کے خلاف اس کی پیش رفت 2015 کے بعد سے تقریبا رک گئی ہے۔گلوبل ہنگر انڈیکس میں 100 پوائنٹ کے پیمانے پر صفر (0) یعنی کوئی بھوکا نہیں، بہترین اسکور اور 100بدترین اسکور ہے۔ اس انڈکس کی تیاری میں بھوک کی کثیر جہتی نوعیت کے چار اشاروں یعنی کم غذائیت، بچوں کی نشو و نما، بچوں میں لاغرپن اور بچوں کی شرح اموات کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔ اس درجہ بندی میں 100پوائنٹ پر بھارت کا اسکور 28.7 ہے، جو بھارت میں بھوک کی”سنگینی” کو ظاہر کرتا ہے۔گلوبل ہنگر انڈیکس میں بھارت سے زیادہ خراب کارکردگی کی فہرست میں صرف افغانستان، ہیٹی اور سب صحارا کے 12ممالک شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق بھوک کی کثیر جہتی نوعیت پر قابو پانے کے سلسلے میں بھارت کے پڑوسی ملکوں نے بھارت سے زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔فہرست میں پاکستان 102ویں نمبر پر، بنگلہ دیش 81 ویں نمبر پر، نیپال 69ویں نمبر پر اور سری لنکا 60ویں نمبر پر ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ "بھارت میں بچوں میں لاغرپن کی شرح ِ18.7فیصد ہے، جو دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔ یہ بچوں میں شدید ترین قلت تغذیہ کو ظاہر کرتا ہے۔”گلوبل ہنگر انڈیکس کے مطابق بھارت میں قلت تغذیہ کی شرح 16.6فیصد اور پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کی شرح اموات3.1 فیصد ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ 15سے 24 سال کی عمر کی خواتین میں خون کی کمی کی شرح 58.1 فیصد ہے۔