سائفر کیس ،سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عا ئد

دونوں ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کرتے ہوئے فرد جرم میں لگائے گئے الزامات کو لغو اور من گھڑت قرار دیدیا

عدالت نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 3 سرکاری گواہان طلب کرلئے، سماعت آج (جمعرات تک) ملتوی

پاکستان تحریک انصاف انٹرا پارٹی الیکشن کے خلاف درخواستوں کی سماعت کل الیکشن کمیشن میں ہوگی

راولپنڈی (ویب  نیوز)

سائفر کیس میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عا ئد کردی گئی۔راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت سائفر کیس کی سماعت خصوصی عدالت کے جج ابولحسنات ذوالقرنین نے کی۔دونوں ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کرتے ہوئے فرد جرم میں لگائے گئے الزامات کو لغو اور من گھڑت قرار دے دیا۔ملزمان نے کارروائی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ فرد جرم غلط اور غیر قانونی ہے جسے چیلنج کریں گے۔پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے کہا کہ ہم جمعرات کو گواہان کے بیان ریکارڈ کرائیں گے۔عدالت نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 3 سرکاری گواہان طلب کرلئے اور کیس کی سماعت آج (جمعرات تک)  ملتوی کردی۔

توشہ خانہ کیس میں  عمران خان کی عبوری ضمانت خارج..نیب نے جیل میں گرفتاری ڈال دی

توشہ خانہ کیس میں  عمران خان کی عبوری ضمانت خارج کردی گئی ، نیب نے جیل میں گرفتاری ڈال دی ۔اسلام آباد کی احتساب عدالت نے تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان توشہ خانہ کیس میں عبوری ضمانت خارج کردی۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اڈیالا جیل میں کیس کی سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا جو اب سنا دیا ہے۔عدالت نے عمران خان کی عبوری ضمانت خارج کردی۔  فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بادی النظر میں توشہ خانہ تحائف وصولی میں بے قاعدگیاں ہوئیں۔عدالت نے حکم میں کہا ہے کہ جسمانی ریمانڈ کے باوجود عمران خان جیل میں ہی رہیں گے اور ان سے جیل میں ہی تفتیش ہوگی۔نیب نے ضمانت خارج ہونے کے بعد توشہ خانہ کیس میں بھی عمران خان کی گرفتاری ڈال دی۔میڈیا سے گفتگو میں ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی کا کہنا تھاکہ سابق پی ٹی آئی چیئرمین کا کل جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔خیال رہے کہ توشہ خانہ کیس میں عمران خان عبوری ضمانت پر تھے۔

پاکستان تحریک انصاف انٹرا پارٹی الیکشن کے خلاف درخواستوں کی سماعت کل الیکشن کمیشن میں ہوگی

الیکشن کمیشن پاکستان تحریک انصاف انٹرا پارٹی الیکشن کے خلاف درخواستوں کی سماعت جمعرات کوکرے گاالیکشن کمیشن نے 12 دسمبر کو نیاز اللہ نیازی، بیرسٹر گوہر خان، عمر ایوب اور چاروں صوبوں میں پی ٹی آئی کے صدور کو نوٹس جاری کیا تھا۔ پی ٹی آئی خیبر پختون خوا مرکزی سیکرٹریٹ کے ریٹرننگ افسر انصر محمود کیانی کو بھی نوٹس جاری ہوا تھا 8 دسمبر کو الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کے خلاف دائر درخواستیں باضابطہ سماعت کے لئے منظور کی تھیں۔ پی ٹی آئی کے بانی راہنما اکبر شیر بابر نے 5 دسمبر کو پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کو چیلنج کیا تھا۔ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن چیلنج کرنے والوں میں راجہ طاہر نواز عباسی، یوسف علی، محمود احمد خان، مس نورین فاروق خان شامل ہیں۔ صباح زاہد، راجہ حامد زمان خان، محمد شاہ فہد، محمد مزمل سندھو، بلال اظہر اور جہانگیر خان نے بھی پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کو چیلنج کیا تھا۔ درخواست گزاروں نے پی ٹی ائی کے 2 دسمبر کے پارٹی انتخابات کو جعل سازی، فراڈ اور ڈھونگ قرار دیاتھا۔درخواست گزاروں نے 2 دسمبر کے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کالعدم قرار دینے کی استدعا کر رکھی ہے درخواست گزاروں نے الیکشن کمیشن سے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کیلئے پی ٹی آئی کے اندر شفاف الیکشن کمشن تشکیل دینے کی استدعا کی ہے درخواست گزاروں نے الیکشن کمیشن سے پی ٹی ائی انٹرا پارٹی الیکشن کے لئے تیسرے فریق کی تعیناتی اور نگرانی کی بھی استدعا کی ہے

#/S