ن لیگ کے سپر لاڈلے کو ہم پر مسلط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے،شعیب شاہین

بلے کا نشان ہمیں نہیں ملا، ہم جمہوریت کو ڈی ریل نہیں کرنا چاہتے لیکن لیول پلیئنگ فیلڈ تو دی جائے

الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز سپریم کورٹ میں جھوٹ بولا، 9 مئی کا ڈرامہ رچا کرالیکشن آگے لے جایا گیا،میڈیا سے گفتگو

راولپنڈی( ویب  نیوز)

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شعیب شاہین نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز سپریم کورٹ میں جھوٹ بولا،مسلم لیگ ن کے سپر لاڈلے کو ہم پر مسلط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے،بلے کا نشان ہمیں نہیں ملا، ہم جمہوریت کو ڈی ریل نہیں کرنا چاہتے لیکن لیول پلیئنگ فیلڈ تو دی جائے ۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب شاہین نے کہا کہ پچھلے 2 سال سے پی ٹی آئی صرف الیکشن مانگ رہی ہے، سپریم کورٹ میں ہم بار بار انتخابات کے انعقاد کے لئے گئے۔شعیب شاہین نے کہا کہ 9مئی کا ڈرامہ رچایا گیا اور الیکشن آگے لے جایا گیا، 8فروری کی تاریخ پی ٹی آئی کی پٹیشن پر دی گئی، گزشتہ روز کوئٹہ کنونشن کے لئے گیا تھا مجھے ایئر پورٹ سے باہر جانے نہیں دیا گیا، ورکرز کنونشن نہیں کرنے دیا جا رہا، الیکشن کیسے صاف و شفاف ہوں گے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہمارا صرف مطالبہ تھا الیکشن کے آر اوز عدلیہ سے لئے جائیں، گزشتہ روز یہ جھوٹ بولا گیا سارے ڈی سیز کو تبدیل کیا گیا، اسلام آباد کے ڈی سی کے تبادلے کا تین دفعہ نوٹیفکیشن ہوا کیا وہ تبدیل ہوا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں گزشتہ روز کوئی نوٹس نہیں تھا ہم کس طرح سپریم کورٹ پیش ہوتے، ہمیں بتایا گیا چیف جسٹس اور چیف الیکشن کمشنر کی ملاقات ہے، آج تک بلے کا نشان ہمیں نہیں ملا، ہم جمہوریت کو ڈی ریل نہیں کرنا چاہتے لیکن لیول پلیئنگ فیلڈ تو دی جائے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے سپر لاڈلے کو ہم پر مسلط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔