سپریم کورٹ ، عام انتخابات کیس کا تحریری حکم نامہ جاری
عدالت نے بیرسٹر عمیر نیازی کو نوٹس جاری کر کے وضاحت مانگ لی
سپریم کورٹ کا حکم واضح تھا کہ کوئی بھی جمہوری عمل میں خلل نہیں ڈالے گا،حکمنامہ
اسلام آباد ( ویب نیوز)
سپریم کورٹ نے عام انتخابات کیس کا 6 صفحات کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے بیرسٹر عمیر نیازی کو نوٹس جاری کر کے وضاحت مانگ لی۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کیوں نہ آپ کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کی جائے، سپریم کورٹ کا حکم واضح تھا کہ کوئی بھی جمہوری عمل میں خلل نہیں ڈالے گا۔تحریری حکم نامے میں عدالت نے کہا ہے کہ عمیر نیازی بظاہر جمہوری عمل ڈی ریل کرنے کی کوشش کے مرتکب ہوئے، ہائی کورٹ نے 2753 ڈی آر اوز، آر اوز اور اے آر اوز کا کام روک دیا۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ نے بیک جنبشِ قلم انتخابی عمل کو ڈی ریل کر دیا، ڈی آر اوز اور آر اوز کو خاص طور پر انتخابات کے لیے تعینات نہیں کیا گیا، تعینات افسران پہلے سے بطور انتظامی افسر فرائض انجام دے رہے ہیں۔تحریری حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا گیا ہے، عدالت نے لاہور ہائی کورٹ کو درخواست پر مزید کارروائی سے بھی روک دیا ہے۔