عمران خان کا الیکشن میں حصہ لینے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع
سپریم کورٹ توشہ خانہ کیس میں سزا پر مبنی فیصلہ معطل کرے تاکہ انتخابات میں حصہ لیا جا سکے، بانی پی ٹی آئی
اسلام آباد( ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف کے بانی اورسابق وزیر اعظم عمران خان نے توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کی جانب سے دی جانے والی سزا کا فیصلہ معطل کرنے کیلئے سپریم کورٹ آف پاکستان میں اپیل دائر کر دی۔درخوسست میں کہا گیا ہے کہ جب اسلام آباد ہائی کورٹ سے توشہ خانہ اپیل پر فیصلہ نہیں آتا اس وقت تک ٹرائل کورٹ کا فیصلہ معطل کیا جائے۔عمران خان نے سردار محمد لطیف خان کھوسہ ایڈووکیٹ کے توسط سے ہفتہ کے روز اپیل دائرکی۔ درخواست میںڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اسلام آباد کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میںمئوقف اختیار کیا گیا ہے کہ انتخابات سے قبل مجھے نااہل کرنا میرے بنیادی حقوق کے خلاف ہے، الیکشن کمیشن نے مجھے 8 اگست کو آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل قرار دیا،الیکشن کمیشن نے جلد بازی کا مظاہرہ کرکے مجھے پانچ سال کیلئے نااہل کیا، تحریک انصاف کو پارٹی نشان بلے سے بھی محروم کر دیا گیا، اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے، توشہ خانہ کیس میں سزا کا فیصلہ معطل کیا جائے، توشہ خانہ کیس میں سزا پہلے ہی معطل ہوچکی ہے، ہائی کورٹ نے صرف سزا معطل کی پورا فیصلہ نہیں، ہائی کورٹ فیصلے میں غلطی کا الیکشن کمیشن نے فائدہ اٹھایا،الیکشن کمیشن نے بانی پی ٹی آئی کی نااہلی کو نوٹیفیکیشن جاری کر دیا،انتخابات قریب ہیں، بانی پی ٹی آئی ملک کے سابق وزیراعظم ہیں،ملک کی سب سے بڑی جماعت کے لیڈر کو انتخابات سے باہر نہیں رکھا جا سکتا،سپریم کورٹ توشہ خانہ کیس میں سزا پر مبنی فیصلہ معطل کرے تاکہ انتخابات میں حصہ لیا جا سکے۔