نواز شریف کے این اے 130 سے کاغذات نامزدگی منظور
ریٹرننگ آفسر اصغر جوئیہ نے جانچ پڑتال کے بعدقائد ن لیگ کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے
ایم کیو ایم کے امین الحق اور جاوید حنیف کے کاغذات نامزدگی منظور
لاہور( ویب نیوز)
مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 سے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ۔لاہور کے حلقہ این اے 130سے محمد نواز شریف کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل کرلی گئی۔ ان کے کاغذات پر کسی نے کوئی اعتراض دائر نہیں کیا۔ ریٹرننگ آفسر این اے 130 اصغر جوئیہ نے سابق وزیراعظم کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے۔ لیگی رہنما بلال یاسین نے پارٹی قائد نواز شریف کے این اے 130 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے ۔میڈیا سے گفتگو میں بلال یاسین نے بتایا کہ 8 فروری کے الیکشن میں نواز شریف اس حلقے سے کامیاب ہونگے اور چوتھی مرتبہ پاکستان کے وزیر اعظم منتخب ہونگے۔ نواز شریف کے کاغذات نامزدگی کے سلسلے میں آر او کے دفتر میں پیش ہوئے تھے جہاں آر او نے سوال و جواب کیے اور نواز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے۔ بلال یاسین نے کہا کہ ان کے ہمراہ نواز شریف کے وکیل امجدپرویز بھی آر او کے دفتر میں پیش ہوئے تھے۔ (ن)لیگ کے رہنما بلال یاسین خود اس حلقے کی صوبائی نشست پی پی 173 سے الیکشن لڑرہے ہیں جبکہ قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 130 نواز شریف کا آبائی حلقہ ہے اور وہ اس سے پہلے بھی یہاں سے الیکشن لڑچکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے بعد اب وہ الیکشن لڑنے کے لیے اہل ہوگئے ہیں۔ لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 130 میں اندرون شہر سے باہر کا حصہ آتا ہے جن میں گوال منڈی اور انکار کلی سمیت دیگر علاقے شامل ہیں اور یہ شہر کا بڑا حلقہ ہے۔وکیل امجد پرویز نے کہا کہ قانون میں دی گئی تمام شرائط پر نواز شریف کا کیس پورا اترتا ہے، الیکشن کمیشن نے بتایا کہ کاغذات کی اسکروٹنی کے لیے پورٹل بنارکھا ہے، الیکشن کمیشن کے پورٹل پر جو بھی چیزیں درکار ہیں نواز شریف اس پر پورا اترتے ہیں، ریٹرننگ افسر نے کہا آپ کی طرف سی تمام چیزیں مکمل ہیں۔
عام انتخابات کے سلسلے میں ایم کیو ایم پاکستان کے مختلف امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔ایم کیو ایم کے امیدوار جاوید حنیف کے این اے 233 ضلع کورنگی اور امین الحق کے این اے 246 سے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔قومی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشست کے لیے ایم کیو ایم پاکستان کی آسیہ اسحاق کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کرلیے گئے۔اس کے علاوہ ایم کیوایم پاکستان کے احسن غوری کے پی ایس 90 اور فرحان انصاری کے پی ایس 99 ضلع شرقی سے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔اس موقع پر ایم کیو ایم کے رہنما امین الحق نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان شفاف انتخابات کا انعقاد چاہتی ہے، ایم کیو ایم شہری سندھ کی بڑی جماعت ہے اور مختلف جماعتوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔