پاک فوج عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کو تعاون فراہم کرے گی، کور کمانڈرز کانفرنس میں فیصلہ
اجلاس میں پاکستان کو غیرمستحکم کرنے والے دہشت گردوں، سہولت کاروں سے مکمل طاقت سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ
ٹی ٹی پی کے پاس جدید ترین ہتھیاروں کی دستیابی کو پاکستان کے لیے خطرناک اور باعث تشویش قرار دیا گیا
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار،کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ
راولپنڈی ( ویب نیوز)
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاک فوج عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کو تعاون فراہم کرے گی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، جس میں فورسز اور شہریوں سمیت شہدا کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اور کہا کہ شہدا نے ملک میں امن واستحکام کو یقینی بنانے کیلئے جانوں کی قربانیاں دیں۔کانفرنس میں ڈیرہ اسماعیل خان حملے کے شہدا کیایصال ثواب کیلئے بھی فاتحہ خوانی کی گئی، جب کہ ملکی خود مختاری، علاقائی سالمیت کے دفاع کیلئے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں سیکیورٹی کی صورتحال اور سماجی اور اقتصادی ترقی کے امور پرتبادلہ خیال ہوا ساتھ ہی یہ فیصلہ کیا گیا کہ پاک فوج عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کو تعاون فراہم کرے گی۔کانفرنس میں سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت حکومتی کوششوں کی حمایت کی گئی، اسمگلنگ، منی لانڈرنگ اور بجلی چوری کے خلاف کارروائیوں کا جائزہ بھی لیا گیا، اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پاک فوج جرائم کی روک تھام کے لیے سرکاری اداروں سے تعاون کا اعادہ کرتی ہے۔فورم کو خطے کی صورتحال، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرات کے جواب میں اپنی حکمت عملی کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔اعلامیے میں پاکستان کو غیرمستحکم کرنے والے دہشت گردوں، سہولت کاروں سے مکمل طاقت سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ کرنے کے ساتھ ساتھ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے پاس جدید ترین ہتھیاروں کی دستیابی کو پاکستان کے لیے خطرناک اور باعث تشویش قرار دیا گیا۔کانفرنس میں بھارتی فوج کیہاتھوں شہریوں کے اغوا و تشدد کی حالیہ کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا ساتھ ہی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔کانفرنس کے شرکا نے کہا کہ بھارتی فوج کی یہ کارروائیاں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم ہیں جو بہادر کشمیریوں کے جائز حق خوداردیت کے جذبے کو پست نہیں کرسکتیں، پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ہر طرح کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔کورکمانڈرز کانفرنس نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی مذمت کی، غزہ میں جنگ بندی اور تنازعے کے پر امن حل کے حکومتی مطالبے کے موقف کا اعادہ بھی کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فورم کو فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بھی بریفنگ دی گئی، اس موقع پر آرمی چیف نے آپریشنز کے دوران پیشہ ورانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے، ذہنی اور جسمانی شعبوں میں فارمیشنز کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کے حصول پر زور دیا۔