اسرائیل کے غزہ پر فضائی اور زمینی حملے ، مزید 200 سے زائد فلسطینی شہید،سینکڑوں زخمی

حماس کے جوابی حملوں میں مزید 3اسرائیلی فوجی ہلاک ،غزہ میں شروع کی گئی جنگ میں تاحال قابل ذکر کامیابی نہیں ملی،اسرائیل کا اعتراف

اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں سے پناہ گزین کیمپ،ہسپتال، سکول اور مذہبی عبادت گاہیں بھی محفوظ نہ رہ پائیں، دیر البلاح کی مسجد بھی شہید کر دی

ہزاروں فلسطینی اسرائیلی حملوں سے بچنے کیلئے وسطی غزہ اور خان یونس سے نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں،عالمی ادارہ صحت

 اسرائیل نے اقوام متحدہ کے اہلکاروں کیلئے ازخود ویزوں کا اجرا ء بھی روک د، رام اللہ میں فلسطینیوں کے ساتھ جھڑپوں میں ایک اسرائیلی فوجی زخمی ہو گیا

غزہ( ویب  نیوز)

غزہ کے رہائشی علاقوں پراسرائیلی ا فواج کے فضائی اور زمینی حملے جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 200 سے زائد فلسطینی شہید اور سینکڑوں زخمی ہو گئے ہیں جس کے بعد شہدا ء کی مجموعی تعداد 21 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے،اسرائیل نے اعتراف کر لیا کہ غزہ میں شروع کی گئی جنگ میں تاحال قابل ذکر کامیابی نہیں ملی۔ عرب میڈیا کے مطابق وسطی غزہ میں العمل اسپتال کے قریب اسرائیلی بمباری سے 20 فلسطینی شہید ہوئے جبکہ نصیرات کے پناہ گزین کیمپ پر صیہونی حملے میں بھی کئی افراد کی شہادتوں کی اطلاعات ہیں۔جنوبی غزہ میں رفح  میں اسرائیلی حملے کے بعد علاقے میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ نصیرات کیمپ میں 7 اور المغازی کیمپ پر حملے میں مزید 20 فلسطینیوں کو شہید کردیا گیا۔اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں سے پناہ گزین کیمپ، ہسپتال، سکول اور مذہبی عبادت گاہیں بھی محفوظ نہ رہ پائیں، صیہونی افواج نے دیر البلاح کی مسجد بھی شہید کر دی۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق ہزاروں فلسطینی اسرائیلی حملوں سے بچنے کیلئے وسطی غزہ اور خان یونس سے نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں جبکہ اسرائیل نے اقوام متحدہ کے اہلکاروں کیلئے ازخود ویزوں کا اجرا ء بھی روک دیا ہے۔ادھر رام اللہ میں اسرائیلی کارروائیوں کے دوران فلسطینیوں کے ساتھ جھڑپوں میں ایک اسرائیلی فوجی زخمی بھی ہو گیا۔فلسطینی اتھارٹی کے مطابق 7 اکتوبر سے شروع ہونے والی کارروائیوں کے تحت مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں روزانہ کم از کم 42 چھاپا مار کارروائیاں کی جا رہی ہے۔دوسری جانب اسرائیلی جارحیت کے ردعمل میں فلسطینی مزاحمتی گروپوں کی غزہ میں شدید مزاحمت کا سلسلہ بھی جاری ہے، گزشتہ روز حماس کے جوابی حملوں میں مزید 3اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی ہے۔القسام بریگیڈز کے مزاحمت کاروں نے اسرائیلی ٹینک اور بلڈوزر تباہ کرنے کے ساتھ متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک کردئیے، گزشتہ 5 روز میں 24 اسرائیلی فوجی مارے گئے۔ غزہ میں اسرائیل کے زمینی آپریشن کے آغاز سے اب تک ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 165 سے تجاوز کر گئی ہے۔اسرائیل نے اپنے نقصانات کا اعتراف کرتے ہوئے قبول کر لیا ہے کہ غزہ میں شروع کی گئی جنگ میں اسرائیل تاحال قابل ذکر کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے اور حماس کے خلاف میدان جنگ میں اپنے مقاصد حاصل کرنا آسان نہیں ہوگا۔خیال رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 21 ہزار 110 سے متجاوز ہو چکی ہے جبکہ 55 ہزار 243 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں، زخمیوں اور شہدا میں نصف سے زائد تعداد صرف بچوں اور خواتین پر مشتمل ہے۔