سندھ رینجرز کی 2023 کی کارکردگی رپورٹ جاری
دہشت گردی کے خلاف 109 آپریشن میں151 دہشت گردگرفتار کر لئے گئے
ٹارگٹ کلنگ کے خلاف 19 آپریشن میں11 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کیا گیا
سٹریٹ کرائم، منشیات فروشی اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف 708 آپریشنز میں 2292ملزمان کو گرفتار کیا گیا
ڈکیتی کی وارداتوں کے خلاف 135 آپریشن میں 524 ڈاکوؤں کو گرفتار کیا گیا، ترجمان رینجرز
کراچی( ویب نیوز)
سندھ رینجرز نے2023 میں کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی۔اس حوالے سے ترجمان سندھ رینجرز نے کہا کہ رینجرز اور پولیس نے دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری کے خلاف مشترکہ 163آپریشنز کئے ، کارروائیوں میں 197ہائی پروفائل ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں کالعدم ٹی ٹی پی، کالعدم بی ایل اے، بی ایس این، لشکر جھنگوی، آئی ایس آئی ایس، ایم کیو ایم (لندن)اور لیاری گینگ وار کے دہشت گرد شامل تھے۔رینجرز کے ترجمان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف 109 آپریشن میں151 دہشت گردوں کو اور ٹارگٹ کلنگ کے خلاف 19 آپریشن میں11 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کیا گیا جبکہ بھتہ خوری کے خلاف 32 آپریشن میں کالعدم تنظیموں کے 30 بھتہ خوروں کو گرفتار کیا، اغوا برائے تاوان کے خلاف 3 آپریشن میں 5 اغوا کاروں کو گرفتار جبکہ مختلف کارروائیوں میں 34 ہتھیار اور مختلف اقسام کے 235 ایمونیشن برآمد کیا گیا۔ترجمان رینجرز نے کہا ہے کہ ڈکیتی، سٹریٹ کرائم، منشیات فروشی اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف 708 آپریشنز میں 2292 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ڈکیتیوں کے خلاف 135 آپریشن میں 524 ڈکیتوں کو گرفتار کیا گیا، منشیات فروشی کے خلاف 96 آپریشن میں 474 منشیات فروشوں کو، جرائم پیشہ افراد کے خلاف477 آپریشن میں 1294ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور کارروائیوں میں 79ہائی پروفائل ڈکیت، منشیات فروش اور جرائم پیشہ ملزمان کو گرفتار بھی کیا۔سندھ رینجرز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی اور اندرون سندھ میں 1 لاکھ 68 ہزار 552 کلو گرام منشیات برآمد کی گئی، غیر قانونی ذخیرہ اندوزوں کے خلاف27 آپریشن میں 3.33 بلین مالیت کی اشیا برآمد کی گئی، کارروائی میں چینی، سگریٹ، کپڑا، کنفکشنیری آئٹم، ایرانی کمبل اور مختلف اشیائے خور د نوش برآمد کی گئی۔ترجمان نے بتایا کہ اسمگلنگ کے خلاف 160 کارروائیوں میں 3 لاکھ 73 ہزار 211 لیٹر ایرانی تیل برآمد کیا گیا، غیر قانونی مقیم افراد کے آپریشن میں4437 لوگوں کو گرفتار کیا گیا، گرفتار 1329 افراد کو بلوچستان حکومت کے حوالے کیا گیا۔سندھ رینجرز کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ 42 ہزار 708 افراد کو بلوچستان حکومت کی مدد سے واپس اپنے ملک روانہ کیا گیا، کچے میں ڈاکوں کے خلاف 34 آپریشن میں132ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور گرفتار ڈاکوں سے مختلف اقسام کے 78ہتھیار اور 4580 ایمونیشن برآمد کیا گیا، پانی چوری کے خلاف 99 آپریشنز میں 209 غیر قانونی ہائیڈرنٹس برآمد کیے گئے جبکہ کارروائی میں177 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔