انتخابات کے لئے 5لاکھ79 ہزارسے زائد افرادکی ضروری تربیت مکمل
4 لاکھ 62 ہزار 222 افراد کی تربیت یکم فروری تک مکمل ہو جائے گی ترجمان ای سی پی
اسلام آباد ( ویب نیوز)
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2024ء کے لیے انتخابی عملے کی ترجیحی بنیادوں پر تربیت کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور اب تک 5لاکھ79 ہزار191 افراد کی ضروری تربیت مکمل ہو چکی ہے جبکہ بقیہ 4 لاکھ 62 ہزار 222 افراد کی تربیت یکم فروری2024ء تک مکمل ہو جائے گی۔الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں تعینات ہونے والے 9 لاکھ 854 ہزار 413 نفوس پر مشتمل انتخابی عملہ کی تربیت کا آغاز نومبر2023ء کے آخری ہفتہ میں کیا۔انتخابی عملہ میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران، پریذائڈنگ افسران، اسسٹنٹ پریذائڈنگ افسران اور دیگر انتخابی عملہ شامل ہے۔تربیتی پروگرام کے دوران غیر حاضر رہنے والے عملہ کے خلاف سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے لہذا عام انتخابات کے دوران انتخابی ذمہ داریاں تفویض کیے جانے والے تمام سرکاری ملازمین کو تربیتی نشسستوں میں اپنی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔علاوہ ازیں الیکشن کمیشن کی خصوصی ہدایات پر مرکزی کنٹرول روم 26 دسمبر 2023 سے مکمل فعال ہے اور روزانہ کی بنیادوں پر موصولہ شکایات کا ازالہ کر رہا ہے۔مرکزی کنٹرول روم میں اب تک 45 شکایات موصول ہوئیں اور ان تمام کا ازالہ کیا جا چکا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں قائم مرکزی شکایت سیل میں آنے والی 165 شکایات پر فوری کاروائی کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں اور تمام شکایات کا ازالہ ہو چکا ہے۔ مرکزی کنٹرول روم کے ما تحت 180 کنٹرول روم صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر بھی فعال کر دیے گئے ہیں جو انتخابات کی نگرانی اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے مرکزی کنٹرول روم کی معاونت کر رہے ہیں۔ملک بھر کے تمام اضلاع میں تعینات مانیٹرنگ ٹیمیں بھی متحرک ہو گئی ہیں جو امیدواران کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے تمام تشہیری مواد کو روزانہ کی بنیادوں پر ہٹانے میں مصروف ہیں۔ مذید برآں اب تک ضابطہ اخلاق کی دیگر خلاف ورزیوں پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرز کی جانب سے نوٹسز بھی جاری کیے جارہے ہیں جن پر انکوائری کے بعد قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی