پاکستان کے عام انتخابات2024 کا انعقاد،17 ہزارسے زائد ا میدواروں میں مقابلہ

موبائل سروس کی بندش پر ووٹر کی تفصیلات بتانے والی ایس ایم ایس سروس معطل

دہشت گردی کے 2 الگ الگ واقعات میں سیکیورٹی فورسز کے 6 اہلکار شہید

ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے پر غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری

 نتائج کا اعلان بر وقت ہوگا۔ترجمان الیکشن کمیشن

نواز شریف چوتھی بار وزیر اعظم بنتے دکھائی دیتے ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کا دعوی

اسلام آباد (ویب  نیوز)

ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات 2024 کے لیے حق رائے دہی کے استعمال عمل مکمل  ہوگیا ۔صبح 8 بجے شروع ہونے والا عمل بلا تعطل شام 5 بجے تک جاری رہا جس کے لیے ملک بھر سے 12 کروڑ 79 لاکھ 21 ہزار 49 رجسٹرڈ ووٹرز تھے۔مجموعی طور پر قومی اور صوبائی اسمبلی کی 855 نشستوں پر ملک بھر میں 17 ہزار 758 امیدواروں میں مقابلہ ہوا۔ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے پر ووٹوں کی گنتی  کے بعدغیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔موبائل سروس معطل ہونے سے ووٹر کی تفصیلات بتانے والی ایس ایم ایس سروس بھی متاثررہی ۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے الیکشن کے پرامن انعقاد پرپوری قوم کو مبارک باد پیش کی ہے اور انتخابات کے پرامن انعقاد جیسے اہم ترین قومی فریضہ اور آئینی ذمہ داری کی تکمیل میں کمیشن کے سرخرو ہونے پر خدا تعالی کا شکر ادا کیا ہے ۔ عام انتخابات 2024 کے موقع پر خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمعیل خان اور بلوچستان کے ضلع خاران میں دہشت گردی کے 2 الگ الگ واقعات میں سیکیورٹی فورسز کے 6 اہلکار شہید جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مقامی پولیس کے سربراہ رف قیصرانی نے بتایا کہ ڈیرہ اسمعیل خان ضلع کے علاقے کلاچی میں گشت پر مامور پولیس وین کو بم دھماکے اور فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جس میں 4 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔اس حملے سے کچھ دیر قبل ضلع ٹانک میں سیکیورٹی فورسزکی گاڑی پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید ہوگیا۔دوسری جانب ضلع خاران کے علاقے لجا ٹان میں ایک دھماکا ہوا، جس میں  2 جوان شہید اور 9 زخمی ہو گئے۔اس کے علاوہ کمشنر مکران ڈویژن کے مطابق  بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دستی بم حملوں کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں لیکن پولنگ متاثر نہیں ہوئی جب کہ ان حملوں میں کوئی جانی نقصان بھی نہیں ہوا۔ادھر پنجگور کے علاقے وشبود میں پولنگ اسٹیشن کے باہر دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں 2 بچے زخمی ہوگئے، پولیس نے بتایا کہ دھماکا خواتین پولنگ اسٹیشن کے قریب کیا گیا۔۔ انتخابات کے  حوالے سے قوم کے نام اپنے پیغام میں چیف الیکشن کمشنر نے پاکستانی عوام اور تمام اداروں بشمول نگران قومی اور صوبائی حکومتوں،سیاسی جماعتوں،سیکیورٹی اداروں،پولیس اور سول ایڈمنسٹریشن، پاکستان آرمی،قومی میڈیا، ووٹرز، ریٹرنگ افسران، پریذائیڈنگ افسران اور دیگر پولنگ عملہ کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن کے معزز اراکین، رفقاء اور اپنی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا کہ جن کی شب وروز محنت سے اس عظیم ذمہ داری کی تکمیل میں کامیابی نصیب ہوئی۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ابھی ہم نے اپنی ذمہ داری کا ایک حصہ مکمل کیا ہے۔پولنگ کے عمل کی تکمیل ہوئی  ہے اور اب غیر حتمی نتائج کی تیاری کا کام شروع ہوچکا ہے۔مجھے امید اور اعتماد ہے کہ ہمارے ریٹرنگ افسران اس اہم کام کی تکمیل میں انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے اور نتائج کی بروقت ترتیب اور ترسیل کو ممکن بنائیں گے۔اللہ تعالی ہمارا حامی و ناصر ہو.پاکستان زندہ باد۔الیکشن کمیشن ترجمان نے کہا تھا کہ ملک بھر میں پولنگ پرامن طریقے سے مکمل ہوئی۔مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کے مانیٹرنگ سیل کوپولنگ تاخیر سے شروع ہونے سمیت 55 مختلف شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 45 شکایات کا ازالہ کردیا گیا ہے جبکہ 10 شکایات کے ازالے کی کوششیں جاری ہیں۔ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ نتائج کا اعلان بر وقت ہوگا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پیغام جاری کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ سے الیکشن کمیشن کے سسٹم کا کوئی تعلق نہیں۔وفاقی وزارت داخلہ کی ہدایت پر ملک کے مختلف شہروں میں موبائل فون سروس بحال ہونا شروع ہوگئی ہے۔عام اتنخابات کے دوران سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر ملک بھر میں موبائل سروس بند کردی گئی تھا انتخابی عمل کی تکمیل کو دو گھنٹے کا وقت گزرنے کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں موبائل فون سروس بحال ہونا شروع ہو گئی ہے۔جن علاقوں میں موبائل فون سروس بحال ہو گئی ہے ان میں راولپنڈی ڈویژن، ٹیکسلا، گوجر خان، چکری، بکھر، سرگودھا، لورا لائی اور جھل مگسی شامل ہیں۔سندھ کے مختلف شہروں میں بھی موبائل فون سروس جزوی بحال ہوئی ہے تاہم کراچی اور پنجاب کے متعدد شہروں میں ابھی تک موبائل فون کے سگنل آنا شروع نہیں ہوئے۔یف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے الیکشن کے کامیابی پر نگران حکومت، سیاسی جماعتوں، سیکیورٹی اداروں، پولیس، سول انتظامیہ، آرمی سمیت تمام پولنگ عملے کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے  نے اپنی تجزیاتی رپورٹ میں بتایا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف چوتھی بار وزیر اعظم بنتے دکھائی دیتے ہیں۔نشریاتی ادارے نے نواز شریف کو واپسی کا بادشاہ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ 8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں وہ نمایاں طور پر جیتنے والوں میں نظر آتے ہیں۔نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکٹر نے کہا ہے کہ عام انتخابات 2024 کے کامیاب انعقاد پر قوم کا تہہ دل سے شکریہ اور مبارکباد پیش کرتا ہوں۔سوشل میڈیا پلیٹ فاریم ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ میں الیکشن کمیشن آف پاکستان، عبوری صوبائی حکومتوں، مسلح افواج، سول آرمڈ فورسز، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں، انتخابی عملے، میڈیا اور ان تمام اداروں اور افراد کی کاوشوں کو سراہتا ہوں جنہوں نے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد میں کردار ادا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ اہم موقع نہ صرف ہمارے جمہوری عمل کی مضبوطی کا ثبوت ہے بلکہ پاکستانی عوام کے ناقابل تسخیر جذبے کا بھی عکاس ہے۔نگران وزیر داخلہ گوہر اعجاز کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں انتخابی عمل پرامن انداز میں جاری ہے۔نگران وزیر داخلہ نے وزارت داخلہ کے کنٹرول روم، سیف سٹی اور پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا، سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد اور انسپکٹر جنرل اسلام آباد بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ تھے، اس موقع پر کورآڈینیٹر نیشنل ایکشن پلان نے وزیر داخلہ کو سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی