کوہاٹ ،پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کاحملہ ،3اہلکاروں سمیت 4افراد شہید
اہلکاروں کی جانب سے جوابی فائرنگ کرنے پر دہشتگرد فرار ہو گئے،سرچ آپریشن شروع کردیا گیا
شہید ہونے والوں میں ہیڈ کانسٹیبل امجد، ہیڈ کانسٹیبل جنید، کانسٹیبل وقار اور لکی مروت کا شہری نور محمد شامل
دہشت گرد جس قدر بزدلانہ کارروائیاں کرینگے ان کیخلاف ریاستی ردعمل اتنا ہی شدید ہوگا، وزیراعظم
ریاست شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی،وفاقی کابینہ اجلاس میں گفتگو،اجلاس میں اہم فیصلوں کی منظوری
اسلام آباد( ویب نیوز)
کوہاٹ میں انڈس ہائی وے پرپولیس چیک پوسٹ پر 10سے زائد دہشتگردوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں3 اہلکاروں سمیت 4افراد شہید ہو گئے ۔ پولیس کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے کوہاٹ کے علاقے لاچی ٹول پلازہ کے قریب چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا، شہید ہونے والوں میں ہیڈ کانسٹیبل امجد، ہیڈ کانسٹیبل جنید، کانسٹیبل وقار اور لکی مروت کا شہری نور محمد شامل ہیں۔پولیس کے مطابق اہلکاروں کی جانب سے جوابی فائرنگ کرنے پر دہشتگرد فرار ہو گئے، واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ دہشت گرد جس قدر بزدلانہ کارروائیاں کریں گے ان کے خلاف ریاست کے رد عمل میں اتنی ہی شدت آئے گی، دہشتگرد 24 کروڑ لوگوں کے عزم کو ہرا نہیں سکتے۔ انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے آغاز میں باجوڑ میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت اور اس کے نتیجے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ریاست شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، ریاست ان کے لواحقین کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑے گی اور ان کی فلاح و بہبود کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے تک انسداد پولیو مشن بھرپور طریقے سے جاری رہے گا۔ وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے کے لئے حکومتی کوششوں میں افواج پاکستان، پولیس، پولیو ورکرز اور دیگر اداروں کے کردار کو سراہا۔علاوہ ازیں وفاقی کابینہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 2018 کے فیصلے کی روشنی میں وفاقی تعلیمی ڈائریکٹوریٹ کی پیش کردہ سمری اور فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں 227 یومیہ اجرت پر کام کرنے والے اساتذہ کی مستقل بنیادوں پر تعیناتی کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے وزارتِ داخلہ کی سفارش پر جبری گمشدگیوں پر بنائی گئی کابینہ کمیٹی کی تشکیل نو کی منظوری دے دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ اس سے قبل سابق نگران وزیر داخلہ سرفراز احمدبگٹی کو اس کمیٹی کی سربراہی سونپی گئی تھی۔ ان کے استعفی کے بعد وزیراعظم کی منظوری سے کابینہ کمیٹی کی تشکیل نو کی جا رہی ہے۔ نو تشکیل شدہ کمیٹی کی صدارت وفاقی وزیر قانون و انصاف کریں گے۔وفاقی کابینہ نے وزارتِ قانون و انصاف کی سفارش پر سپریم کورٹ بلڈنگ کمیٹی کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے لیے زیر تعمیر نئی عمارت میں کراچی بھر میں مختلف مقامات پر قائم تمام فیڈرل کورٹس اور ٹربیونلز کی منتقلی اور عمارت کے ڈیزائن میں ضروری ترامیم کرنے کی منظوری دے دی۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری اپنی موجودہ عمارت میں کام جاری رکھے گی۔وفاقی کابینہ نے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی سفارش پر لائیو سٹاک و ڈیری ڈیلپمنٹ بورڈ(LDDB) کے چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کے حوالے سے پیش کی گئی سمری پر ہدایت دی کہ اس حوالے سے بلوچستان اور اسلام آباد ہائی کورٹس کے فیصلوں کی روشنی میں لائیو سٹاک و ڈیری ڈیلپمنٹ بورڈ کے انتظامی بورڈ کو فعال کیا جائے تاکہ چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کے حوالے سے قانونی تقاضے پورے کیا جا سکیں۔وفاقی کابینہ نے کینابیس کنٹرول اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی آرڈیننس 2024 کی اصولی منظوری دیتے ہوئے اسے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کو بھیج دیا. اس اتھارٹی کے تحت ملک میں cannabis کی کاشت ،ایکسٹریکشن، ریفائننگ اور طبی اور صنعتی استعمال کے حوالے سے ضروری ضوابط مرتب کئے جا سکیں گے۔وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 13-12-2023، 15-12-2023 اور 20-12-2023کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے حکومتی ملکیتی ادارہ جات (CCOSOEs) کے 28-12-2023 کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹوکیسز کے 22-12-2023 کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔۔۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں انڈس ہائی وے پر لاچی ٹول پلازہ کے قریب پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے دہشت گرد حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔چیئرمین سینیٹ نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی نے کہا کہ دہشت گرد ترقی کے عمل کو روکنا چاہتے ہیں جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سیکیورٹی فورسزاور عوام نے لازوال قربانیوں دی ہیں۔خطے کے امن کی بقا کے لیے سیکیورٹی فورسز اور عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔پاکستان خطے میں امن کے لیے دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ آواز اٹھاتا رہے گا۔ایسے بزدلانہ حملے ملک میں امن وامان کی صورتحال کو سبوتاژ نہیں کرسکتے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، قائد ایوان سینیٹ سینیٹر محمد اسحاق ڈاراور قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں انڈس ہائی وے پر لاچی ٹول پلازہ کے قریب پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔انہوں نے اس دہشت گرد حملے کے نتیجے میں شہدا کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پوری انسانیت کے دشمن ہیں۔پاکستان دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔دریں اثنا سیکریٹری داخلہ نے کوہاٹ میں چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی، ترجمان وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پولیس فورس نے بے مثال قربانیاں دی ہیں