‘مکس اچار’ حکومت سے ملکی مسائل حل نہیں ہوں گے۔ عمران خان
پچاس سیٹوں پر کوئی کیسے حکومت بنانے کا اعلان کرسکتا ہے..اڈیالہ جیل میں وکلا سے گفتگو
حکومت سازی بارے مشاورت کے لئے تحریک انصاف کور کمیٹی کا اہم اجلاس
عمیر نیازی،علی امین گنڈا پور ، میاں اسلم اقبال کو رابطوں کا ٹاسک
راولپنڈی(ویب نیوز)سابق وزیرِ اعظم بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ‘مکس اچار’ حکومت سے ملک کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ عوام نے جسے مینڈیٹ دیا ہے اس کا احترام ہونا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار عمران خان نے ہفتے کو اڈیالہ جیل میں اپنے وکلا سے گفتگو کے دوران کیا۔ انھوں نے بعض حلقوں میں دھاندلی کے خلاف اتوار کو احتجاج کی کال دے دی ہے۔انھوں نے مزید کہا ہے کہ تمام ادارے ملک کے لئے سوچیں ۔عوام نے اپنا فیصلہ سنادیا ہے جس طرح لوگوں نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیئے ہیں وہ ناقابل یقین ہے ۔پچاس سیٹوں پر کوئی کیسے حکومت بنانے کا اعلان کرسکتا ہے ۔ عوام کے مینڈیٹ کا احترام ہونا چاہیے۔
پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا۔ اعلامیہ کے مطابق کور کمیٹی کی جانب سے مرکز، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کو میسر واضح اکثریت کے باعث حکومت سازی کی حکمتِ عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ حکومت سازی کیلئے نومنتخب اراکین قومی اسمبلی سے باضابطہ روابط کی ذمہ داری بیرسٹر عمیر خان نیازی کے سپرد کردی گئی ۔ علی امین گنڈا پور خیبرپختونخوا جبکہ میاں اسلم اقبال بالترتیب خیبر پختونخوا اور پنجاب میں نومنتخب اراکین صوبائی اسمبلی سے روابط کا فریضہ سرانجام دیں گے ۔کورکمیٹی نے کہا ہے کہ لندن منصوبے کے تحت وطن واپس لائے اور عوام کے مسترد شدہ کے کامیابی کے جھوٹے دعوے شرمناک ہیں ۔مطالبہ کیا گیا ہے کہ بند دروازوں کے پیچھے عوام کے مسترد شدہ مجرموں سے ہاتھ ملانے کی بجائے ووٹ کی پرچی کے ذریعے کئے گئے عوام کے فیصلے کے مکمل احترام کیا جائے۔الیکشن کمیشن کے ہاتھوں انتخابات کی تباہ ساکھ متاثر ہوئی ہے بین الاقوامی سطح پر پیدا ہونے والا ردعمل فطری اور قابلِ فہم قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ انتخابات کے حوالے سے عالمی سطح پر ابھرنے والی تشویش کے دفترِخارجہ کی پریس ریلیز سے تدارک کی کوشش مضحکہ ہے ۔دستور و قانون کے احترام اور شفافیت کے تقاضوں کو ملحوظِ خاطر رکھ کر ہی انتخابات کو موثر اور قابلِ قبول بنایا جاسکتا تھا