190ملین پاؤنڈ کیس:بانی پی ٹی آئی، بشری بی بی پر فردِ جرم 27 فروری کو عائد ہوگی
عدالت کی اجازت سے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ سے ڈھائی ہفتے بعد ملاقات ہوئی
عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے دانتوں کا معائنہ کے لیے ڈینسٹسٹ سے اجازت کی درخواست منظور کرلی
وکلا صفائی کی جانب سے ریفرنس کی مکمل نقول کی 2کاپیاں فراہم کرنے کی درخواست بھی عدالت نے منظور کرلی
راولپنڈی(ویب نیوز)
بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈریفرنس میں احتساب عدالت اسلام آباد نے ملزمان پر فردجرم عائد کرنے کے لیے 27فروری کی تاریخ مقرر کردی۔ احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈاسکینڈل کیس کی سماعت اڈیالہ جیل راولپنڈی میں کی۔ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی، عرفان بھولا، سہیل عارف اور دیگر عدالت پیش ہوئے۔دوسری جانب پی ٹی آئی وکلا سلمان صفدر،عثمان گل،چودھری ظہیر عباس اور دیگر عدالت پیش ہوئے۔ملزمان بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو اڈیالہ جیل میں پیش کیا گیا، ملزمان کی جانب سے احتساب عدالت میں 3 درخواستیں دائر ہیں۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے دانتوں کا معائنہ کے لیے ڈینسٹسٹ سے اجازت کی درخواست اور بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ سے الگ ملاقات کی درخواست بھی منظور کرلی۔وکلا صفائی کی جانب سے ریفرنس کی مکمل نقول کی 2کاپیاں فراہم کرنے کی درخواست بھی عدالت نے منظور کرلی۔دونوں میاں بیوی اڑھائی ہفتے بعد عدالت میں ملے، دورانِ سماعت بانی پی ٹی آئی روسٹرم پر آئے۔دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کی جانب سے دانتوں کا طبی معائنہ کرانے کی درخواست دائر کی، بانی پی ٹی آئی نے موقف اپنایا کہ ڈیڑھ سال سے دانتوں کا طبی معائنہ نہیں کروایا ڈینٹسٹ سے دانتوں کے طبی معائنہ کی اجازت دی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ جیل میں موجود ڈاکٹر 70 سال کی عمر میں میرے دانت ٹھیک کرنے کے بجائے خراب نہ کر دے۔بعد ازاں عدالت نے 190 ملین پاؤنڈریفرنس کی سماعت27فروری تک ملتوی کر دی ، 190 ملین پانڈز ریفرنس کی آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔