آئی ایم کو خط اس لیے لکھوں گااگر ایسے حالات میں ملک کو قرضہ ملا تو واپس کون کرے گا، بانی پی ٹی آئی
اس قرض سے غربت بڑھے گی، جب تک سرمایہ کاری نہیں آئے گی، قرض بڑھتا جائے گا، سب سے پہلے ملک میں سیاسی استحکام لایا جائے
پہلے نواز شریف کی سلیکشن کے لیے اداروں کو تباہ کیا گیا، عدالتیں، نیب سب کچھ تباہ کیا گیا،سماعت کے بعد اڈیالہ جیل میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو
بانی پی ٹی آئی کے خط کی کوئی حیثیت نہیں ہوگی، اسحاق ڈار
جو خط ہم آئی ایم ایف کو لکھیں گے وہ ملکی مفاد میں ہو گا،بیرسٹر گوہر علی خان کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو
راولپنڈی(ویب نیوز) بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ وہ آئی ایم کو خط اس لیے لکھیں گے کیونکہ اگر ایسے حالات میں ملک کو قرضہ ملا تو واپس کون کرے گا،اس قرض سے غربت بڑھے گی، جب تک سرمایہ کاری نہیں آئے گی، قرض بڑھتا جائے گا۔راولپنڈی اڈیالہ جیل میں سماعت کے بعدمیڈیاسے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ سب سے پہلے ملک میں سیاسی استحکام لایا جائے، پہلے نواز شریف کی سلیکشن کے لیے اداروں کو تباہ کیا گیا، عدالتیں، نیب سب کچھ تباہ کیا گیا۔بانی پی ٹی آئی نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے الزام لگایا کہ نواز شریف کے لیے مجھے زیرو کیا گیا، پھر انتخابات میں دھاندلی کرائی گی، اب کمشنر راولپنڈی کے انکشافات سامنے آئے، کمشنر کو اٹھا کر تشدد کیا گیا، ویگو میں ڈال کر اٹھا کر لے گئے، اب ان کا بھی سافٹ وئیر اپ ڈیٹ کردیا ہے۔
بانی پی ٹی آئی کے خط کی کوئی حیثیت نہیں ہوگی، اسحاق ڈار
مسلم لیگ( ن) کے سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ انشا اللہ بانی پی ٹی آئی کے خط کی کوئی حیثیت نہیں ہوگی، نگراں وزیراعظم بننے کی میری خواہش نہیں تھی، وزیرِ خزانہ کا فیصلہ بھی پارٹی نے کرنا ہے۔ پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ ذاتی فائدے کیلئے کچھ بھی لکھنا افسوسناک ہے، بانی پی ٹی آئی نے ملکی مفاد کے خلاف کچھ لکھا ہو تو قابلِ مذمت ہے۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعظم بننے کی میری خواہش نہیں تھی، وزیرِ خزانہ کا فیصلہ بھی پارٹی نے کرنا ہے، میاں نواز شریف وفاقی اور صوبائی سطح پر پارٹی کی رہنمائی کر رہے ہیں۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ اگر مکمل مخصوص نشستوں کا فیصلہ نہیں ہو رہا تو کوئی وجہ ہوگی، اس وقت ملک کا سب سے بڑا چیلنج غربت دور کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی مشکلات کم کرنا اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا چیلنج ہے، ہم سب کا فرض ہے کہ ملک کو اس بھنور سے نکالیں۔ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ آپ دیکھیں گے آئندہ چند دنوں میں سب ٹھیک ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ آج راولپنڈی اڈیالہ جیل میں کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف کو خط لکھ دیا ہے، آج خط چلا گیا ہوگا۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ اگر ایسے حالات میں ملک کو قرضہ ملا تو قرضے کو واپس کون کرے گا، اس قرض سے غربت بڑھے گی۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ جب تک سرمایہ کاری نہ ہو قرض بڑھتا جائے گا، سب سے پہلے ملک میں سیاسی استحکام لایا جائے۔
بانی پی ٹی آئی نے ابھی آئی ایم ایف کو خط نہیں لکھا، لکھیں گے، بیرسٹر علی ظفر
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی آئی ایم ایف کو خط لکھیں گے ابھی لکھا نہیں ہے جبکہ بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ جو خط ہم آئی ایم ایف کو لکھیں گے وہ ملکی مفاد میں ہو گا ۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے خط لکھے جانے کی تصدیق سے متعلق سوال پر بیرسٹر علی ظفر نے جواب دیا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے آئی ایم ایف کو خط لکھیں گے ابھی لکھا نہیں ہے، انہوں نے کہا ہے آئی ایم ایف کا پروگرام جاری رہنا چاہیے۔ بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان میں معاشی اور سیاسی استحکام کی ضرورت ہے، جمہوریت کیلئے جس جس فورم پر آواز اٹھانے کی ضرورت ہے وہ اٹھائیں گے۔ اس کے علاوہ بیرسٹر گوہر علی خان نے بھی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے خلاف ہم کچھ بھی نہیں کریں گے، ریاست، جمہوریت اور قانون کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایسا کوئی کام نہیں کرے گی جس سے ریاست کو نقصان پہنچے گا، پی ٹی آئی نے ہی پناہ گاہیں بنائیں، صحت کارڈ بنائے اور انوسٹمنٹ لے کر آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کا کوئی بھی قدم نہ پاکستان کے خلاف اور نہ عوام کے خلاف ہو گا، ہم جمہوریت کی جنگ لڑ رہے ہیں، اسی آزادی کے لیے بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم میدان چھوڑ کر نہیں جائیں گے، ہم آج آئی ایم ایف کو خط لکھیں گے، ہم ہر حال میں پاکستان میں قانون کی بالادستی اور رول آف لا چاہتے ہیں، جو خط ہم آئی ایم ایف کو لکھیں گے وہ ملکی مفاد میں ہو گا۔
#/S