اسرائیل کی بے گھر فلسطینیوں پر بمباری، مزید 24 شہید، متعدد زخمی
اسرائیل کا مغربی کنارے میں مزید 3 ہزار گھر بنانے کا اعلان، امریکا کا مایوسی کا اظہار
دیر البلاح میںاسرائیلی بمباری سے کئی زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے ، فلسطینی میڈیا
غزہ میں اسرائیل کی مسلسل بمباری کے باعث وہ شمالی غزہ میں مزید امدادی سرگرمیاں فراہم نہیں کر سکتے، یون این آر ڈبلیو اے
غزہ( ویب نیوز)
اسرائیلی فوج کی غزہ میں مسلسل بمباری جاری ہے، رات گئے دیر البلاح میں بے گھر فلسطینیوں پر اسرائیلی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں 24فلسطینی شہیداور متعدد زخمی ہوگئے،دوسری جانب اسرائیل نے مغربی کنارے میں مزید 3 ہزار گھر بنانے کا اعلان کردیاجس پر امریکہ نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔فلسطینی خبر رساں ادارے وفا نیوز کے مطابق دیر البلاح میں بمباری سے کئی زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ہسپتال میں محدود سہولیات کے باعث اموات کی تعداد میں اضافے کاامکان ہے، 24گھنٹے میں104فلسطینی اسرائیلی دہشت گردی کا نشانہ بنے۔دوسری جانب فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ایجنسی یون این آر ڈبلیو اے کے نمائندے کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیل کی مسلسل بمباری کے باعث وہ شمالی غزہ میں مزید امدادی سرگرمیاں فراہم نہیں کر سکتے۔ انہوں نے شہریوں پر اسرائیلی حملوں اور خوراک کی امداد تک رسائی پر پابندیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہری بھوک سے مر رہے ہیں۔ 7 اکتوبر سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 29 ہزار550 سے زائد ہوگئی جبکہ اب تک 69 ہزار 616 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں شہید ہونے والوں میں 90 فیصد خواتین اور بچے شامل ہیں جبکہ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے غزہ میں انسانی اور صحت کی صورتحال تباہ ہونے سے غزہ ڈیتھ زون بن گیا ہے۔ادھر اسرائیل نے مغربی کنارے میں مزید 3 ہزار گھر بنانے کا اعلان کردیا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے مغربی کنارے میں یہودی آبادکاری کے نئے متنازع منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ آبادکاری سے متعلق متنازع اسرائیلی منصوبے پر امریکا نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔