نوازشریف کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات، حکومت میں شمولیت کی دعوت
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات میں ملک میں موجودہ سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف نے مولانا فضل الرحمان کو حکومت میں شمولیت پر آمادہ کرنے کے ساتھ سربراہ جے یو آئی سے ن لیگ کے نامزد وزیراعظم اور صدر مملکت کا ووٹ بھی مانگا۔
میاں نواز شریف اور مولانا فضل کے مابین ملاقات ختم ہوتے ہی قائد مسلم لیگ ن، مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ سے روانہ ہوگئے۔ رہنما مسلم لیگ ن خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان کی ون ٹو ون ملاقات ہوئی ہے، اللہ پاک بہتری کرے گا، انشااللہ سب ٹھیک ہوگا۔
ہم اپنے موقف پر قائم ہیں، حکومت کا حصہ نہیں ہوں گے، مولانا عبدالغفور حیدری
اسلام آباد: (ویب نیوز)
جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفورحیدری نے کہا ہے کہ ہمارا موقف قائم ہے کہ ہم حکومت کا حصہ نہیں ہوں گے۔
نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ہونے والی ملاقات پر بیان دیتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ دونوں رہنما باہر آئے تو خوش نظر آئے، ملاقات میں پیش رفت ہوئی ہے۔
مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ہم نے بڑا فیصلہ لیا ہے ہم اس کو بدلنے کا اختیار نہیں رکھتے، 7 مارچ کو پنجاب کی جنرل کونسل کا اجلاس طلب کیا ہے، 3 مارچ کو سندھ کی جنرل کونسل کا اجلاس ہوگا۔
جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ماہ رمضان کے بعد مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس ہوگا، مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس میں فیصلوں کی توثیق لی جائے گی۔