بھارت مقبوضہ کشمیرمیں فوری طور پر کشمیری جماعتوں سے پابندیاں اٹھائے۔پاکستان

پی ٹی آئی کے آئی ایم ایف کو خط کا معاملہ وزیر اعظم آفس دیکھ رہا ہے، دفتر خارجہ

کوئی بھی ملک ہدایات نہیں دے سکتا، پاکستان ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے، ممتاز زہرا بلوچ

اسلام آباد(  ویب  نیوز)

پاکستان نے کشمیری تنظیموں پر بھارتی پابندی کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے بھارت پر زوردیا ہے کہ وہ  فوری طور پر کشمیری جماعتوں سے پابندیاں اٹھائے۔ترجمان دفتر خارجہ پاکستان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ کوئی بھی ملک پاکستان کو ہدایات نہیں دے سکتا، پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے، پاکستان آئی پی منصوبے کو اہم سمجھتا ہے اور توانائی کا حصول ترجیحات میں ہے، تحریک انصاف کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کا معاملہ وزیر اعظم آفس دیکھ رہا ہے۔جمعہ کو صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ 28 فروری کو پاکستان نے ویانا میں گروپ 77 میں اپنی مدت کامیابی سے مکمل کی، پاکستان 6 مارچ کو یورپی یونین کے ساتھ سیاسی مشاورت کرے گا، انسانی حقوق کے 55 ویں جاری اجلاس میں سیکریٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے پاکستان کا موقف پیش کیا اور انہوں نے بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کی نگرانی پر زور دیا، گزشتہ ہفتے سیکرٹری خارجہ نے ڈس آرمامینٹ کانفرنس میں پاکستانی موقف کا اعادہ کیا۔ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان اسرائیلی قابض افواج کے ہاتھوں فلسطین میں خوراک کی فراہمی میں مصروف فلسطینیوں کے قتل عام کی سختی سے مذمت کرتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ عالم دنیا نوٹس لے۔ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان بھارت کی جانب سے مسلم کانفرنس جموں و کشمیر کے دھڑوں پر پابندی عائد کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتا ہے، بھارت مجموعی طور پر 8 کشمیری جماعتوں پر پابندی عائد کرچکا ہے، بھارت فوری طور پر کشمیری جماعتوں سے پابندیاں اٹھائے۔پاکستان ایران گیس پائپ منصوبے سے متعلق ترجمان نے کہا کہ منصوبے سے متعلق کابینہ توانائی کمیٹی فیصلہ کرچکی ہے، ایران پاکستان گیس پائپ لائن پاکستان کے لیے اہم ہے، اس وقت توانائی کا حصول پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے، توانائی کمیٹی نے پہلے مرحلے میں پاکستان میں 80 کلومیٹر پائپ لائن کی تعمیر کی منظوری دی ہے ابھی تک آئی پی میں کسی تیسرے ملک کے شمولیت کا علم نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی ملک پاکستان کو ہدایات نہیں دے سکتا، پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے، ہم پاکستان کے اندرونی معاملات میں آزادانہ فیصلے کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم نے امریکی محکمہ انصاف کی رپورٹس دیکھی ہیں امریکا کی جانب سے حوثیوں کو ایرانی اسلحہ یمن اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار باشندوں کی شہریت کی تصدیق ابھی نہیں ہوئی ہم نے ان کی شناخت کی تصدیق کے لیے امریکا سے قونصلر رسائی مانگی ہے، قونصلر رسائی ملنے کے بعد ہی ان گرفتار شدگان کی شہریت کی تصدیق کرسکتے ہیں اس معاملے پر اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے سے رابطے ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کے معاملے میں ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ اس معاملے کو وزیر اعظم آفس دیکھ رہا ہے۔بھارت سے متعلق سوال پر ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ یہ تاریخی حقیقت ہے کہ جب بھی بھارت نے جارحانہ انداز اختیار کیا پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا بھارت کے بیانات خطے کا ماحول خراب کرنے کی کوششیں ہیں۔ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے مزید کہا کہ پاکستان کے اندر آئینی و قانونی میکانزم موجود ہیں، الیکشن یا دیگر مسائل پاکستان خود حل کر سکتا ہے ۔۔