بھارت نے کشمیرمیں جی ٹونٹی پر پاکستان کا اعتراض مسترد کردیا،کشمیر پر روائتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ

جموں و کشمیر بھارت کا حصہ تھا ہے اور رہے گا،وہاں جی ٹوئنٹی اجلاس کے انعقاد پر پاکستان کے اعتراض کو بھارت کوئی اہمیت نہیں دیتا،جے شنکر

ہم دہشت گردی کے معاملے پر سفارتی پوائنٹ اسکورنگ نہیں کر رہے بلکہ سفارتی سطح پر پاکستان کی اصلیت سامنے لا رہے ہیں

دہشت گردی سے متاثرہ فریق دہشت گردی کرنے والے کے ساتھ نہیں بیٹھ سکتے،بھارتی وزیر خارجہ کا بلاو ل کی پریس کانفرنس پر ردعمل

گوا( ویب  نیوز)

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کی نیوز کانفرنس پر ردِعمل دیتے ہوئے بھارتی وزیرِ خارجہ جے شنکر نے روائتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشمیرمیں جی نونٹی پر پاکستان کا اعتراض مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں و کشمیر بھارت کا حصہ تھا ہے اور رہے گا، لہذا وہاں جی ٹوئنٹی اجلاس کے انعقاد پر پاکستان کے اعتراض کو بھارت کوئی اہمیت نہیں دیتا۔ گوا میں ہونے والے اایس سی او اجلاس کے بعد میڈیا کے سوالوں کے جواب میں بھارتی وزیر خارجہ نے انہتا پسند ہندو ذہنیت کامظاہرہ کرتے ہوئے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ ایس سی او کانفرنس میں وہی سلوک کیا گیا جو  دہشت گردی کی صنعت کو فروغ دینے والے ملک کے ترجمان کے ساتھ کیا جاتا ہے۔ پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے سوال پر جے شنکر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے متاثرہ ملک دہشت گردی کے سہولت کار ملک کے ساتھ بیٹھ کر دہشت گردی کے معاملے پر بات نہیں کر سکتے ،ہم دہشت گردی کے معاملے پر سفارتی پوائنٹ اسکورنگ نہیں کر رہے بلکہ سفارتی سطح پر پاکستان کی اصلیت سامنے لا رہے ہیں جس کا ہمیں حق حاصل ہے، انڈین وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا شکار ہونے والے دہشت گردی کرنے والوں کے ساتھ نہیں بیٹھا کرتے بلکہ ان کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں۔بلاول بھٹو اور پاکستان سے متعلق کے حوالے سے پوچھے گئے سوالوں کے جواب میں انھوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی سے متاثرہ خود کا دفاع کرتے ہیں اور دہشت گری کا مقابلہ کرتے ہیں ، یہی ہو رہا ہے۔جے شنکر نے کہا ان کا یہاں آکر ایسے منافقانہ بیان دینا کہ جیسے ہم ایک کشتی کے سوار ہیں۔ وہ دہشت گردی کر رہے ہیں۔ دہشت گردی کے حوالے سے موقف واضح رکھیں،انڈین وزیر خارجہ جے شنکر نے کہا کہ چین پاکستان کی راہدادی کے حوالے سے ایس سی او اجلاس میں واضح کیا گیا کہ رابطے ترقی کے لیے اچھے ہیں لیکن رابطے علاقائی خودمختاری اور سالمیت کی خلاف ورزی نہیں کر سکتے ۔۔