جعلی ووٹوں، سیٹوں سے جعلی حکومت میں مصنوعی طور پر ہوا بھری جا رہی ہے
جعلی مینڈیٹ کا غبارہ بہت جلد پھٹ جائے گا۔ چودھری پرویزالٰہی
لاہور ( ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویزالٰہی نے اینٹی کرپشن عدالت میں پیشی کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا ہے کہ این اے 64 گجرات سے فارم 45 کے مطابق رزلٹ میں قیصرہ الٰہی نے ایک لاکھ تریسٹھ ہزار نو سو چھبیس 163926 ووٹ حاصل کیے، ان کے مقابلے میں مخالف امیدوار سالک حسین کو صرف بتیس ہزار تین سو بارہ 32312 ووٹ ملے، جبکہ ٹی ایل پی کے امیدوارکو سترہ ہزار سات سو چوراسی 17784 ووٹ ملے، اس طرح مجموعی طور پر قیصرہ الٰہی کو سالک حسین پر ایک لاکھ اکتیس ہزار چھ سو چودہ 131,614 ووٹ کی لیڈ حاصل ہے، الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ فارم 45 پر ٹمپرنگ تشویشناک ہے، گجرات، اٹک، تلہ گنگ، منڈی بہاؤالدین سمیت ملک بھر میں پی ٹی آئی کے جیتے ہوئے امیدواروں کا رزلٹ ٹمپر کر کے ہروایا گیا، گجرات کے عوام اپنے مینڈیٹ کی واپسی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، اتوار کو عوام دھاندلی کے خلاف تاریخی احتجاج کریں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کی توہین کرکے ملک کو خوفناک بحران کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، ہماری مخصوص سیٹیں پی ڈی ایم میں تقسیم کرکے الیکشن کمیشن نے ظلم اور ناانصافی کی انتہا کر دی ہے، الیکشن کمیشن کا یہ فیصلہ اس ایشو پر عدلیہ کے فیصلوں کی بھی خلاف ورزی ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ موجودہ بحران سے نکلنے کا واحد راستہ عمران خان سے براہ راست اور بامقصد بات چیت ہے، جعلی مقدمات اور پی ٹی آئی کے اصل مینڈیٹ کی واپسی کے بغیر حکومت کی مفاہمت کی پیشکش کوئی معنی نہیں رکھتی، چیئرمین پی ٹی آئی واحد شخصیت ہیں جو ملک کو لیڈ کر سکتے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ جعلی ووٹوں اور جعلی سیٹوں سے جعلی حکومت میں مصنوعی طور پر ہوا بھری جا رہی ہے، حکومت کے جعلی مینڈیٹ کا غبارہ بہت جلد پھٹ جائے گا، فارم 47 والے زیادہ دیر تک عوام کے مینڈیٹ پر قابض نہیں رہ سکیں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ جعلی حکومت کے پاس معیشت، غربت، مہنگائی، بے روزگاری امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو کنٹرول کرنے کا کوئی فارمولا نہیں، اسمبلی میں لاڈلوں کی جھوٹی تقریریں عوام کے غصے کو کم نہیں کر سکتیں، موجودہ حکمران جعلسازی سے حکومت بنا کر بھی ذلیل ہو رہے ہیں، عمران خان اور پی ٹی آئی آج بھی پاکستان کی سب سے مقبول جماعت ہے، پنجاب کی عوام پر تجربے بند کیے جائیں ہمارے منصوبوں پر اپنی تختیاں لگا لیں لیکن عوامی منصوبوں کو چلنے دیں۔#