مکہ المکرمہ میں حاجیوں کے لیے دنیا کا سب سے بڑا کولنگ سٹیشن نصب
دنیا بھر سے 12 لاکھ عازمین حج  سعودی عرب پہنچ  گئے۔ ڈاکٹر توفیق

ریاض(ویب  نیوز)

دنیا بھر سے 12 لاکھ عازمین حج  سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔سعودی عرب کے وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے میڈیا کو بتایا کہ  سعودی عرب نے جعلی حج آپریشنز کے خطرات سے آگاہی کے لیے بین الاقوامی مہم کا آغاز کر دیا ہے،ضیوف الرحمن کی سہولت کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کی مجموعی صحت کے لئے امور صحت کے ادارے بہترین طریقے سے خدمات انجام دے رہے ہیں ۔وزیر حج کا مزید کہنا تھا کہ رواں سال حج امور کو بہتر انداز میں مکمل کرنے کے لیے 50 سے زائد سرکاری اداروں کے ساتھ اشتراک عمل کیا گیا جبکہ 11 ممالک کا دورہ کر کے وہاں حج امور کے حوالے سے معاملات طے کیے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ 126 ممالک کے شہریوں کو یہ سہولت فراہم کی گئی ہے کہ وہ بغیر کسی ایجنٹ یا سیاحتی ادارے کے ڈیجیٹل پورٹل اور پلیٹ فارم پرحج کے لیے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔امسال وادی منی میں 11 نئی عمارتوں کا  اضافہ کیا گیا ہے جہاں 37 ہزار حجاج کو قیام کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ علاوہ ازیں دنیا کا سب سے  بڑا کولنگ سٹیشن بھی نصب کیا گیا ہے جس سے مشاعر مقدسہ میں ہوا کو قدرے ٹھنڈا کرنا ممکن ہو گا۔
کولنگ سٹیشن کے ذریعے پانی کی پھوار ہوا میں پھیلے گی جس سے گرمی کی شدت میں کمی ہو گی۔وزیر حج نے توقع ظاہر کی کہ امسال دو لاکھ 50 ہزار سے زائد عازمین مکہ روٹ منصوبے سے فائدہ حاصل کریں گے، منصوبے کا مقصد عازمین کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔امسال ایام حج کے لیے 10 ہزار سے زائد مرد و خواتین رضا کاروں کی خدمات حاصل کی گئی ہے جبکہ ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد کارکنوں کو حجاج کی خدمت کے لیے عملی تربیت فراہم کی گئی ہے جس کے تحت انہیں مختلف زبانوں کے روز مرہ میں استعمال ہونے والی الفاظ بھی سیکھائے گئے ہیں۔