نئے نوٹوں کی مس پرنٹنگ کا معاملہ، سٹیٹ بینک نے بیان جاری کر دیا
شہری گھبرائیں نہیں،مس پرنٹنگ والے نوٹ تبدیل کرانے جاسکتے ہیں:ترجمان سٹیٹ بینک
کراچی ( ویب نیوز)
سٹیٹ بینک سے بینک کو مس پرنٹنگ والے نئے کرنسی نوٹ کی فراہمی کے معاملے پر ترجمان نور احمد نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس کی چھان بین شروع کر دی گئی ہے ۔ترجمان سٹیٹ بینک نور احمد کا کہناتھا کہ کرنسی نوٹ میں مس پرنٹنگ شاذونادر ہوتی ہے، نوٹ پر مس پرنٹنگ بڑے پیمانے پر نہیں ہوئی، شہری گھبرائیں نہیں,مس پرنٹنگ والے نوٹ تبدیل کرانے جاسکتے ہیں، شہری متعلقہ بینک برانچ اور اسٹیٹ بینک سے مس پرنٹنگ والے کرنسی نوٹ تبدیل کرا سکتے ہیں۔ اس سے قبل کراچی کے نیشنل بینک میں انوکھا واقعہ پیش آیا۔ اسٹیٹ بینک نے مس پرنٹنگ والے کرنسی نوٹ بھیج دیے۔بینکوں کو نئے کرنسی نوٹ فراہم ہونے کا انکشاف ہوا ہے جن میں ایک سائیڈ پرنٹ اور دوسری سائیڈ خالی ہے۔ واقعے کی سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوگئی۔بینک مینیجر نے ویڈیو میں بتایا کہ صبح جو کیش آیا ہے ،نئے نوٹوں میں ایک سائیڈ پر پرنٹ اور دوسرا سادہ ہے، آج ہی سارے نئے نوٹ آئے ہیں، جن میں سے نہ جانے ایک ہزار کے نوٹوں کی کتنی گڈیاں صارفین کو چلی گئیں۔ ایک صارف نے ایک جانب پرنٹ اور ایک سائیڈ خالی والے کرنسی نوٹ واپس کیے تو علم ہوا۔صارف کی شکایت کے بعد مزید بنڈل چیک کیے تو ایسے مزید نوٹ ملے۔ کرنسی نوٹوں کے پیکٹ میں دو دو نوٹ اسی طرح جڑے ہوئے ہیں۔