سینیٹ ضمنی انتخابات: یوسف رضا گیلانی سمیت پیپلز پارٹی کے 4 امیدوار کامیاب
ایک ایک نشست مسلم لیگ اور جے یو آئی کو مل گئی
سینیٹ کی عدم فعالیت پر نومنتخب سینیٹرز اپریل میں حلف اٹھاسکیں گے
یوسف رضا گیلانی اپریل میں چیئرمین سینیٹ کا الیکشن لڑیں گے
اسلا م آباد( ویب نیوز)
صوبہ سندھ، بلوچستان اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے ایوان بالا( سینیٹ )کی 6 خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوئے جہاں یوسف رضا گیلانی سمیت پیپلز پارٹی کے 4 امیدوار سینیٹ نشستوں پر کامیاب ہوگئے ہیں، ایک، ایک نشست مسلم لیگ اور جے یو آئی کو ملی ہے، سینیٹ کی عدم فعالیت پر یہ ارکان اپریل میں حلف اٹھاسکیں گے کیونکہ دواپریل کو سینیٹ کی تمام خالی نشستوں پر انتخابات کے نتیجہ میں ایوان مکمل ہوسکے گا ۔پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی اسلام آباد سے سینیٹر منتخب ہوگئے ہیں، قومی اسمبلی میں یوسف رضا گیلانی 204 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، ان کے مد مقابل امیدوار الیاس مہربان کو 88 ووٹ ملے، ارکان قومی اسمبلی نے یوسف رضا گیلانی کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد بھی دی۔ سندھ میں پیپلز پارٹی کے امیدوار اسلم ابڑو نے57 اور سیف اللہ دھاریجو نے 58 ووٹ حاصل کیے، سنی اتحاد کونسل کے امیدوار نذیر اللہ نے4 اور شازیہ سہیل نے4 ووٹ حاصل کیے، ایوان میں 124 ووٹ کاسٹ ہوئے، ایک ووٹ مسترد ہوا۔بلوچستان اسمبلی سے سینیٹ کی 3 نشستوں کے نتائج بھی آگئے ہیں، بلوچستان میں پیپلز پارٹی کے قدوس بزنجو، مسلم لیگ (ن)کے دوستین ڈومکی، اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے شکور غیبزئی کامیاب ہوگئے ہیں۔ قومی اسمبلی میں مجموعی طور پر 301 ووٹ ڈالے گئے جن میں سے 9 ووٹ مسترد ہوگئے۔ووٹ دیتے وقت پولنگ اسٹیشن کے اندر موبائل یا کیمرہ لے جانے کی اجازت نہیں تھی، پولنگ کا عمل صبح 9 بجے سے شروع ہوا جوکہ شام 4 بجے تک جاری رہا۔وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مسلم لیگ (ن)نواز شریف سربراہ پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی سینیٹ کے ضمنی انتخابات میں ووٹ اپنا کاسٹ کیا۔نومنتخب سینیٹریوسف رضاگیلانی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں بھی امیدوار ہونگے اس حوالے حکمران اتحاد میں اتفا ق ہوچکا ہے ۔