شمالی وزیرستان: چیک پوسٹ پر حملہ، لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 7 فوجی جوان شہید،6 دہشتگرد ہلاک
میر علی میںدہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرادی ، جس بعد متعدد خودکش حملے کیے گئے
لیفٹیننٹ کرنل کاشف کی قیادت میں کلیئرنس آپریشن میں تمام6 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا ،آئی ایس پی آر
آپریشن کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل کاشف اور کیپٹن احمد بدر شہید ہوگئے
شہید ہونے والے 39 سالہ لیفٹیننٹ کرنل کاشف کا تعلق کراچی ، 23سالہ کیپٹن محمداحمد بدر کا تعلق تلہ کنگ سے ہے
دیگر شہدا میں حوالدار صابر، نائیک خورشید، سپاہی ناصر، سپاہی راجہ اور سپاہی سجاد شامل ہیں
پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں،آئی ایس پی آر
راولپنڈی( ویب نیوز)
شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشتگردوں کے حملے میں لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 7 فوجی جوان شہید ہوگئے جب کہ کلیئرنس آپریشن میں 6 دہشتگردوں کو بھی ہلاک کردیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشتگردوں نے سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے دراندازی کی کوشش ناکام بنائی تو دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرادی جبکہ گاڑی کی چیک پوسٹ کو ٹکر کے بعد متعدد خودکش حملے کیے گئے ، ان خودکش حملوں کے نتیجے میں عمارت کا ایک حصہ گرگیا جس کے نتیجے میں 5 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خودکش حملوں کے بعد لیفٹیننٹ کرنل کاشف کی قیادت میں کلیئرنس آپریشن کیا گیا جس میں تمام 6 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا جبکہ آپریشن کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل کاشف اور کیپٹن احمد بدر شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے 39 سالہ لیفٹیننٹ کرنل کاشف کا تعلق کراچی سے ہے اور 23سالہ کیپٹن محمداحمد بدر کا تعلق تلہ کنگ سے ہے۔دیگر شہدا میں حوالدار صابر، نائیک خورشید، سپاہی ناصر، سپاہی راجہ اور سپاہی سجاد شامل ہیں۔شہید حولدار صابر کا تعلق ضلع خیبر اور نائیک خورشید کا تعلق لکی مروت سے ہے جبکہ شہید سپاہی ناصر کا تعلق پشاور اور سپاہی راجہ کا تعلق کوہاٹ سے ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہید سپاہی سجاد کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے۔آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔