آزادی مارچ توڑ پھوڑ کیس ، بانی پی آئی اور شاہ محمود قریشی کے پروڈکشن آرڈر جاری
مقدمے میں بانی پی ٹی آئی، علی نواز اعوان اور دیگر نامزد ہیں،سماعت 20اپریل تک ملتوی
اسلام آباد ہائی کورٹ میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا بانی پی ٹی آئی کی آن لائن ملاقات کرانے سے انکار
جیل رولز میں آن لائن ملاقات کی اجازت نہیں، اس لیے ملاقات نہیں کروا سکتے، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل
میڈیا میں تھا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کوٹ لکھپت جیل میں آن لائن ملاقاتوں کا اعلان کیا ہے،عدالت
آپ کہہ رہے ہیں کہ عدالتی حکم پر عمل نہیں کیا جا سکتا، ترمیم کی ضرورت ہے ،جسٹس سردار اعجازاسحاق
ہمیں مزید ہدایات لینے کے لیے کچھ وقت دے دیں،سٹیٹ کونسل
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا موقف پنجاب حکومت سے الگ نہیں ہونا چاہیے، وہ ان کے ماتحت ہیں،عدالتی معاون
کوٹ لکھپت میں فخریہ اعلان کیا لیکن یہاں عدالت سے چھپن چھپائی کھیل رہے ہیں،شیر افضل مروت
ہم نے اس نکتے کو جلد ہی طے کرنا ہے، زیادہ وقت نہیں ، سوال اب یہ ہے کہ جیل میں ملاقات میں سیاسی گفتگو ہو سکتی ہے یا نہیں، جسٹس اعجازاسحاق
سمجھنے سے قاصر ہیں کہ آن لائن ملاقاتیں ایک جیل میں قانونی اور دوسری میں غیر قانونی کیسے ہیں؟ ، عدالت
ایڈووکیٹ جنرل آئندہ سماعت پر اپنی واضح پوزیشن لیں، وزیرِ اعلی پنجاب کا اعلان غیر قانونی تھا یا جیل اتھارٹیز کا خط، آئندہ سماعت پر جواب دیں
اسلام آباد( ویب نیوز)
آزادی مارچ توڑ پھوڑ کیس میں سیشن کورٹ نے بانی پی آئی اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیئے ۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی ، شاہ محمود قریشی اور دیگر کے خلاف آزادی مارچ توڑ پھوڑ کیس کی سماعت ہوئی۔ پی ٹی آئی کے وکلا سردار محمد مصروف، نعیم حیدر پنجوتھا اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔سول جج مرید عباس نے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیئے ۔ مقدمے میں بانی پی ٹی آئی، علی نواز اعوان اور دیگر نامزد ہیں۔ کیس کی سماعت 20 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی اور دیگر کے خلاف تھانہ کراچی کمپنی میں مقدمہ درج ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی سے وکلا کی ملاقات کے لئے دائر درخواست پر سماعت کے دوران سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے بانی پی ٹی آئی کی آن لائن ملاقات کرانے سے انکار کر دیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے سماعت کی۔دورانِ سماعت سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے بانی پی ٹی آئی کی آن لائن ملاقات کرانے سے انکار کر دیا اور کہا کہ جیل رولز میں آن لائن ملاقات کی اجازت نہیں، اس لیے ملاقات نہیں کروا سکتے۔عدالتِ نے کہا کہ میڈیا میں تھا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کوٹ لکھپت جیل میں آن لائن ملاقاتوں کا اعلان کیا ہے، وزیرِ اعلیٰ نے تو فخریہ کہا کہ پورے ایشیا کی پہلی جیل ہے جہاں یہ سہولت دے رہے ہیں، اگر جیل رولز میں اجازت نہیں تو کوٹ لکھپت جیل میں غیر قانونی کام کیسے شروع ہو گیا؟ جیل اتھارٹیز اپنے جواب میں یہ کہہ رہی ہیں کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا اقدام غیر قانونی ہے؟۔جسٹس اعجاز اسحاق نے کہا کہ آپ کہہ رہے ہیں کہ عدالتی حکم پر عمل نہیں کیا جا سکتا، ترمیم کی ضرورت ہے۔سٹیٹ کونسل نے استدعا کی کہ ہمیں مزید ہدایات لینے کے لیے کچھ وقت دے دیں۔عدالت نے کہا کہ ہدایات لینے کی کوئی ضرورت نہیں، سپرنٹنڈنٹ جیل کہہ رہے ہیں کہ رولز اجازت نہیں دیتے، ایک ہی حکومت نے ایک جیل میں آن لائن میٹنگ سے منع کیا جبکہ دوسری میں خود فخریہ وہی کیا۔عدالتی معاون نے بتایا کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا موقف پنجاب حکومت سے الگ نہیں ہونا چاہیے، وہ ان کے ماتحت ہیں۔شیر افضل مروت نے کہا کہ کوٹ لکھپت میں فخریہ اعلان کیا لیکن یہاں عدالت سے چھپن چھپائی کھیل رہے ہیں۔جسٹس اعجاز اسحاق خان نے کہا کہ ہم نے اس نکتے کو جلد ہی طے کرنا ہے، زیادہ وقت نہیں ہے، سوال اب یہ ہے کہ جیل میں ملاقات میں سیاسی گفتگو ہو سکتی ہے یا نہیں، اگر ہم نتیجے پر پہنچتے ہیں کہ سیاسی گفتگو ہو سکتی ہے تو پھر ترمیم کرنا ہو گی، یہ معاملہ حل ہونے دیں، آن لائن میٹنگ کو اب روکا نہیں جا سکتا، اگر یہ کہیں گے کہ آن لائن میٹنگ نہیں کروا سکتے تو پوری دنیا میں مذاق اڑے گا، ملک میں 200 سینئر سول افسر غیر قانونی حکم ماننے سے انکار کر دیں تو نظام ٹھیک ہو جائے گا، 200 افسران ایک ساتھ یہ کر لیں تو یہ سلسلہ رک جائے گا۔شیر افضل مروت نے کہا کہ عدالت اگر 200 سول سرونٹس کو جیل بھیج دے تو بھی بہتری ہو سکتی ہے۔جسٹس اعجاز اسحاق خان نے کہا کہ ایک جگہ لکھا ہوا کاغذ ہے اور دوسری جگہ اس کے سر پر بندوق ہے، دوسری طرف اس کے گھر والوں اور اس کے کیریئر کو خطرہ ہے، جب تک دو تین سو ایک نظریے کے لیے قربانی نہیں دیں گے یہ ایسے ہی رہے گا، ہم کیوں یہاں بیٹھ کر دکھاوا کر رہے ہیں؟۔شیر افضل مروت نے کہا کہ جو طاقت قلم میں ہے وہ بندوق میں بھی نہیں ہے، ایک آرڈر سے دیکھیں ڈی سی اسلام آباد کا کیا حال ہوا ہے۔اسٹیٹ کونسل عبدالرحمن نے کہا کہ کوٹ لکھپت کی پیش رفت کے بعد اب ہم نئی ہدایات لیں گے۔عدالت نے استفسار کیا کہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ آن لائن ملاقاتیں ایک جیل میں قانونی اور دوسری میں غیر قانونی کیسے ہیں؟ ایڈووکیٹ جنرل آئندہ سماعت پر اپنی واضح پوزیشن لیں، وزیرِ اعلی پنجاب کا اعلان غیر قانونی تھا یا جیل اتھارٹیز کا خط، آئندہ سماعت پر جواب دیں۔سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے جواب دیا کہ تھریٹ الرٹس کی وجہ سے 12 مارچ سے ملاقاتیں نہیں کرائی جا رہیں، اڈیالہ کے علاوہ 3 دیگر جیلوں میں بھی ملاقاتوں پر پابندی لگائی گئی ۔جسٹس اعجاز اسحاق نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے سوال کیا کہ کیا آپ کو جیل میں زیادہ خطرہ ہے؟ کل پرسوں اتنا بڑا مارچ ہونے جا رہا ہے، اس کو تھریٹ نہیں ہے؟ کل ہزاروں لوگ سڑکوں پر ہوں گے، جہاز اڑیں گے، ان کو تھریٹ نہیں؟ اس بات میں مجھے نیک نیتی نظر نہیں آئی کہ وہاں تھریٹ ہے اور یہاں نہیں ہو گی۔اس کے ساتھ ہی جسٹس اعجاز اسحاق خان نے کیس کی سماعت 29 مارچ تک ملتوی کر دی۔