وزیر اعظم شہباز شریف سے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد کی ملاقات
خواجہ آصف اور جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے
سعودی عرب نے ہر محاذ پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔وزیر اعظم
سعودی وزیر دفاع کی وزیر اعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار
اسلام آباد ( ویب نیوز )
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ،سعودی عرب نے ہر محاذ پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے ۔ اس امر کا اظہار وزیراعظم نے سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبد العزیز آل سعود سے ملاقات میں کیا ۔ ملاقات میں وزیر دفاع خواجہ آصف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے ۔ملاقات میں دو طرفہ امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبد العزیز آل سعود نے ہفتہ کو وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی،ملاقات میں علاقائی امن و سلامتی اور خطے کی سیکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال اور دونوں ممالک کے درمیان دفاع اور سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی ۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کے دلوں میں سعودی شاہی خاندان کے لئے ایک خاص مقام ہے، وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین سلمان بن عبدالعزیز آل سعود ، سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے بڑے بھائی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے پاکستان کے دورے کا انتظار کر رہے ہیں وزیراعظم نے سعودی وزیرِ دفاع سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ گہرے برادرانہ تعلقات ہیں جو کہ وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں،پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،سعودی عرب نے ہر محاذ پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے ، میرے بطور وزیراعظم پچھلے دور میں سعودی عرب نے پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری کے لئے کلیدی کردار ادا کیا۔.اس موقع پر وزیر اعظم نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کونسل کے قیام سے سرمایہ کاروں کے لئے ایک ون ونڈو آپریشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس سے کاروبار اور سرمایہ کاری میں آسانیاں پیدا ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زراعت ، معدنیات ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دفاعی کے ساتھ ساتھ معاشی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے ، وزیراعظم نے پاکستان کے سب سے بڑا سول ایوارڈ نشان پاکستان ملنے پر سعودی وزیر دفاع کو مبارکباد دی ۔ سعودی وزیر دفاع نے وزیر اعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہوئے یوم پاکستان کی پریڈ میں بطور مہمان خصوصی مدعو کرنے کا پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ سعودی وزیر دفاع نے کہا کہ پریڈ میں انہیں پاکستان کی افواج کی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔ انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کے حالیہ دورہ سعودی عرب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات کے فروغ کے حوالے سے یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل تھا اور مفید ثابت ہوا۔ #/S