وزیراعظم کا گیس کی قیمت میں حالیہ اضافے پر برہمی کا اظہار
حالیہ اضافے کے فرانزک آڈٹ کی رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت
ایک سال میں گیس کی قیمت میں 600 فیصد تک اضافہ ہو چکا
اسلام آباد ( ویب نیوز)
وزیراعظم شہباز شریف نے گیس کی قیمت میں حالیہ اضافے پر برہمی کا اظہار کیا ہے ایک سال میں گیس کی قیمت میں 600 فیصد تک اضافہ ہو چکا۔ وزیراعظم نے وزارت توانائی کو ایک سے تین ماہ میں 16 ٹاسک مکمل کرنیکے احکامات جاری کردیے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق ایک ماہ میں گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے فرانزک آڈٹ کی رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم نے گیس کی قیمت میں حالیہ اضافے پر برہمی کا اظہار کیا ہے اور تین ماہ میں گیس انفرااسٹرکچر، گیس چوری اور ناقص کارکردگی کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اوگرا اور گیس کمپنیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس کے علاوہ ایران ۔ پاکستان گیس پائپ لائن منصوبیکی مانیٹرنگ کے لیے فوری طور پر بین الوزارتی کمیشن قائم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ ایک ماہ میں سرپلس بجلی کو کھپانے کے لیے نئے انڈسٹریل زون تیار کرنے کا منصوبہ پیش کرنے، دو ہفتوں میں پاور اور پیٹرولیم ڈویژن کو گردشی قرضے کا حل تیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔واضح رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) گیس 155 فیصد مزید مہنگی کرنے کی سوئی ناردرن کی درخواست پر سماعت کر رہی ہے۔ذرائع کے مطابق سوئی ناردرن گیس کمپنی نے 4 ہزار 489 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو قیمت تجویز کی ہے، گیس کی قیمت بڑھنے سے بلوں میں اوسطا 155 فیصد تک مزید اضافہ ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے ایک سال میں گیس کی قیمت میں 600 فیصد تک اضافہ ہو چکا