لاہور میں کریک ڈاون، 6 کروڑ کی مالیت کی جعلی ادویات پکڑلی گئیں
صوبہ کو جعلی ادویات سے پاک کرنا وزیر اعلی پنجاب کا ویژن ہے۔ خواجہ عمران نذیر کی پریس کانفرنس
لاہور ( ویب نیوز)
صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ صوبہ میں محکمہ صحت پنجاب کا جعلی ادویات کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے، ڈرگ کنٹرول ٹیم پنجاب نے ایف آئی اے کے ساتھ ملکر لاہور کے تین مختلف مقامات پر چھاپہ مارا اور جعلی ادویات کی فروخت میں تین ملزم گرفتار کر لئے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نزیر نے یہ بات محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ جعلی، غیر رجسٹرڈ اور ممنوعہ ادویات کا سٹاک قبضہ میں لے کر ملزمان کے خلاف تین علیحدہ علحیدہ ایف آئی آرز درج کی گئیں ہیں۔ ملزمان میں شعیب، حارث اور عمران پرویز شامل ہیں۔صوبائی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ پکڑی گئیں ادویات کی مالیت 6 کروڑ روپے سے زائد ہے۔خواجہ عمران نزیر نے کہا کہ کریک ڈاؤن لاہور کینٹ، نشتر ٹاؤن اور سمن آباد کے علاقوں میں کیا گیا۔پکڑی گئی ادویات میں شوگر کے جعلی انجیکشنز، بلڈ پریشر، ملٹی وٹامن، اینٹی کنیسر، سٹیرائڈز اور سیکس ڈرگز شامل ہیں۔ خواجہ عمران نزیر نے کہا کہ مشترکہ ٹاسک فورس نے رواں ماہ 2151 انسپکشن، 405 چالان، اور 24 ایف آئی آرز درج کروائی۔اس سلسلہ میں اب تک 50 سے زائد ملزم گرفتار کئے گئے ہیں۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ صوبہ کو جعلی ادویات سے پاک کرنا وزیر اعلی پنجاب کی ویژن ہے، ڈریپ کے سسٹم بہتر بنانے کے لئے وزیر اعظم سے خود بات کروں گا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ صرف لائسنس یافتہ فارما انڈسٹری کو پروموٹ کرنے کے لئے بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی بلیک میل، یا مقدمہ میں غلط طور پر ملوث کرنے والے اہلکاروں کو بخشا نہیں جائے گا۔انہوں نے کہا کہ فارما انڈسٹری کی بہتری کے لئے میڈیا سمیت تمام ایسوسی ایشن کے نمائندوں کے ساتھ بیٹھ کر سفارشات مرتب کرکے وزیر اعظم پاکستان کو پیش کریں گے۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ لوگوں کی صحت اور زندگی سے کھیلنے والے عناصر کو نہیں چھوڑا جائے گا۔صوبائی وزیر صحت نے ڈرگ ٹیم کو جعلی ادویات کے خلاف کامیاب کریک ڈاؤن کرنے پر ایف آئی اے اور ڈرگ کنٹرول ٹیم کو مبارکباد دی۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائر یکٹر اینٹی کرپشن ایف آئی اے میاں صابر نے کہا کہ پنجاب میں ہمیں متحرک قیادت کے ساتھ ملکر ڈرگ مافیا کے خلاف گھیرا تنگ کردیا گیا ہے۔کیسز کی بہتر پروسیکیوشن کے ذریعے ان عناصر کو سخت سزا دلوائی۔جائے گی