شوال کا چاند نظر آ گیا، ملک بھر میں عیدالفطر آج ( بدھ کو)ہوگی
بھارت، بنگلا دیش میں چاند نظر نہیں آیا، عیدالفطر جمعرات کو منانے کا اعلان
اسلام آباد( ویب نیوز) ہو گی
پاکستان میں شوال کا چاند نظر آ گیا اور ملک بھر میں عید الفطر 10 اپریل بروز بدھ منائی جائے گی۔مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے پاکستان میں شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا۔مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس وزارت مذہبی اموراسلام آباد میں چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی سربراہی میں ہوا۔اجلاس میں مختلف مکتب فکر کے علمائے کرام اور محکمہ موسمیات کے ماہرین بھی شریک ہوئے۔اجلاس کے بعدچیئرمین کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے شوال کا چاند نظرآنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں سے شوال کے چاند کی رویت کی شہادتیں موصول ہوئیں، یکم شوال المکرم 1445 ہجری 10 اپریل بروز بدھ ہوگا۔مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو ملک بھر سے شوال کا چاند نظر آنے کی 25 شہادتیں موصول ہوئیں، مرکزی کمیٹی کے اجلاس میں ان شہادتوں کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی چیرمین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھر سے شہادتیں موصول ہوئیں، اتفاق رائے سے طے پایا ہے کہ 10 اپریل 2024 بروز بدھ کو انشا اللہ عیدالفطر کا دن ہو گا۔انہوں نے عوام کو عیدالفطر کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ زونل کمیٹیوں اور ذمہ داروں نے آنے والے لوگوں کی شہادتوں کو دیکھا اور پھر اس کے بعد فیصلہ ہمیں پہنچایا جو میں نے آپ کے سامنے رکھا ہے، اس سے پہلے کراچی، خیبر، کوہلو، لورالائی، جیونی، شیخوپورہ، اوکاڑہ، سرائے عالمگیر اور ملک کے دیگر علاقوں سے چاند دیکھنے کی شہادتیں موصول ہوئیں، مردان سے چاند دیکھنے کی 6 اور کراچی سے 4 شہادتیں موصول ہوئیں۔لاہور میں مطلع ابر آلود ہونے کی وجہ سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، اوکاڑہ سے احمد نامی شہری نے چاند دیکھنے کی شہادت دی، شخیوپورہ سے بھی چاند دیکھنے کی شہادت موصول ہوئی، زونل کمیٹی کراچی کو چاند دیکھنے کی 10 شہادتیں موصول ہوئیں، پشاور کمیٹی کو چاند نظر آنے کی 60 سے زائد شہادتیں موصول ہوئیں۔قبل ازیں پاکستان میں منگل کو شوال کا چاند دکھائی دیے جانے کا قوی امکان ظاہر کیا گیا تھا۔ محکمہ موسمیات کے ماہرین کے مطابق چاند کی عمر منگل کی شام اتنی ہوگی کہ وہ انسانی آنکھ سے بآسانی دیکھا جاسکے گا۔کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی ہوئے۔زونل رویت ہلال کمیٹی لاہور کے اجلاس میں مفتی محمد اسحق ساقی الازہری، مولانا محمدعارف سیالوی، مولانا شفیق احمد پسروری اور دیگر علما شریک ہوئے۔اجلاس میں تکنیکی معاونت ریجنل ڈائریکٹر محکمہ موسمیات پنجاب شاہد عباس نے کی۔پشاور میں بھی زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا، شہر میں موسم ابر آلود رہا۔شوال کا چاند دیکھنے کے لیے زونل رویت ہلال کمیٹی کوئٹہ کا اجلاس بھی ہوا، اجلاس کی صدارت خطیب بلوچستان مولانا انوار الحق حقانی نے کی۔اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی، محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندے شریک ہوئے۔ذرائع کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں چاند نظر آنے کی اطلاعات موصول ہوئیں، کوہلو، لورالائی، ژوب اور جیونی میں چاند نظر آنے کی اطلاعات سامنے ائیں۔کراچی میں زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوا۔۔وفاقی حکومت پہلے ہی عید الفطر کے لیے 4 تعطیلات کا اعلان کرچکی ہے۔حکومت کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ عید کی تعطیلات 10 اپریل (بدھ) سے 13 اپریل (ہفتہ) تک ہوں گی۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ان تعطیلات کے دوران تمام سرکاری اور نیم سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔یاد رہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر ، افغانستان، آسٹریلیا اور لندن میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا تھا جس کے بعد ان ممالک میں عیدالفطر 10 اپریل بروز بدھ منائی جائے گی۔سعودی عرب میں یکم شوال 1445ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے اعلی عدالتی کونسل کا اجلاس ہوا جس کے بعد حرمین انفو کی جانب سے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا گیا۔اس میں کہا گیا کہ سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔ مملکت میں عیدالفطر 10 اپریل بروز بدھ ہوگی۔متحدہ عرب امارات میں بھی چاند دیکھنے کے لیے اجلاس ہوا تاہم پورے ملک میں کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ جس کے بعد وہاں بھی بدھ کو عید منائی جائے گی۔ادھر افغانستان میں بھی شوال کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا تاہم کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی شہادت نہیں ملی جس کے بعد بدھ کو عید کا اعلان کردیاگیا۔آسٹریلیا فتوی کونسل نے بھی شوال کا چاند نظر نہ آنے پر آج تیسویں روزے کا اعلان کیا ہے، اس کے علاوہ لندن میں بھی بدھ کو عید الفطر منائی جائے گی
بھارت، بنگلا دیش میں چاند نظر نہیں آیا، عیدالفطر جمعرات کو منانے کا اعلان
پاکستان کے پڑوسی ممالک بھارت اور بنگلہ دیش میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد وہاں عیدالفطر 11 اپریل بروز جمعرات منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، ملک بھر میں عیدالفطر 11 اپریل بروز جمعرات منائی جائے گی۔دوسری جانب متنازع علاقے کارگل کی مقامی کمیٹی نے اعلان کیا کہ چاندنظر آگیا ہے اور 10 اپریل کو عید منائی جائے گی۔غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش میں بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا اور وہاں بھی عیدالفطر 11اپریل بروزجمعرات منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر ، افغانستان، آسٹریلیا اور لندن میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا تھا جس کے بعد ان ممالک میں عیدالفطر 10 اپریل بروز بدھ منائی جائے گی۔گزشتہ روز ہی متحدہ عرب امارات میں بھی چاند دیکھنے کے لیے اجلاس ہوا تھا تاہم پورے ملک میں کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ادھر افغانستان میں بھی شوال کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا تاہم کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی شہادت نہیں ملی جس کے بعد بدھ کو عید کا اعلان کردیا گیا تھا۔آسٹریلیا فتوی کونسل نے بھی شوال کا چاند نظر نہ آنے پر آج تیسویں روزے کا اعلان کیا تھا، اس کے علاوہ لندن میں بھی بدھ کو عید الفطر منائی جائے گی۔۔