متحدہ حزب اختلاف کا مشترکہ اجلاس سے صدارتی خطاب کے موقع پر احتجاج کا فیصلہ
اپوزیشن جماعتوں کے رابطے مولانا فضل الرحمان کو بھی اعتماد میں لے لیا گیا
اسلام آباد ( ویب نیوز)
متحدہ حزب اختلاف نے صدر آصف علی زرداری کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے موقع پر انتخابی دھاندلی سمیت مختلف قومی ایشوز پر احتجاج ریکارڈ کروانے کا فیصلہ کر لیا جبکہ پیپلز پارٹی کا مشترکہ اجلاس کے موقع پر تعاون کے لیے اپوزیشن سے رابطوں کا امکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں نے صدر آصف علی زرداری کے اٹھارہ اپریل کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے حوالے سے احتجاج کی حکمت عملی وضع کر لی اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان اسد قیصر نے محمود خان اچکزئی سے بھی اس معاملے پر مشاورت کی ہے ۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ سینیٹر راجہ ناصر عباس بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل سے رابطے کئے جا رہے ہیں جبکہ سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان سے بھی اسد قیصر کا رابطہ ہوا ہے ذرائع کے مطابق متحدہ حزب اختلاف نے صدر کے خطاب کے موقع پر آزاد عدلیہ کے تحفظ انتخابی دھاندلی سمیت مختلف قومی ایشوز پر احتجاج ریکارڈ کروانے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے جبکہ مشترکہ اجلاس میں ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے پیپلز پارٹی کی جانب سے اپوزیشن سے تعاون کی درخواست متوقع ہے ۔