پنجاب کے بعد اسلام آباد میں بھی روٹی اور نان کی قیمت میں بڑی کمی، نوٹی فکیشن بھی جاری
کے پی حکومت کا بھی روٹی کی قیمت میں 5 روپے کمی کا اعلان
روٹی اور نان کی نوٹیفائیڈ قیمتوں پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے وزیر خوراک نے مختلف مارکیٹس میں چھاپے مارے
ساندہ، اسلام پورہ، راجگڑھ، انارکلی کے علاقوں میں مہنگی روٹی اور نان بیچنے پر 8 افراد گرفتار، پرچے درج، دکانیں سیل
لاہوراسلام آباد،پشاور ( ویب نیوز)
پنجاب میں سستی روٹی کی فراہمی کا مشن، وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے سوموار کو فیلڈ میں مصروف دن گزارا۔ روٹی اور نان کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد نئی نوٹیفائیڈ قیمتوں پر فراہمی یقینی بنانے کیلئے وزیر خوراک نے شہر کے مختلف علاقوں میں مارکیٹس پر چھاپہ مارا۔ اس دوران ساندہ، اسلام پورہ، راجگڑھ اور انارکلی کے علاقوں میں مہنگی روٹی اور نان بیچنے پر 8 افراد موقع سے گرفتار کیے گئے اور پرچے درج کر کے دکانیں سیل کر دی گئیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خوراک پنجاب کا کہنا تھا کہ ہر روز، صبح شام فیلڈ میں نکلوں گا اور کسی کو مہنگی روٹی نہیں بیچنے دیں گے۔ بلال یاسین نے کہا کہ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 500 روپے کمی کی گئی ہے۔ آٹے کی قیمتوں میں کمی کے مثبت اثرات عوام تک منتقل ہونے چاہئیں۔ انتظامیہ یقینی بنائے کہ تمام علاقوں میں روٹی 16 روپے اور نان 20 روپے میں فروخت ہو۔ بلال یاسین نے ہدایت کی کہ درست قیمت کیساتھ روٹی اور نان کا وزن بھی پورا ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تمام دکانوں میں پرائس لسٹ واضح طور پر لازمی آویزاں ہونی چاہئے۔ وزیر خوراک نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ دفاتر سے باہر نکلیں اور نوٹیفائیڈ قیمتوں پر روٹی، نان کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائیں
پنجاب حکومت کے بعد اسلام آباد میں بھی روٹی اور نان کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کردی گئی،روٹی کی نئی قیمت 16 روپے جبکہ نان کی قیمت 20 روپے مقرر کی گئی ہے،جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی جانب جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق 120 گرام فی روٹی کی قیمت 16 روپے ہوگی، 120 گرام فی نان کی قیمت 20 روپے ہوگی، نئی قیمتوں کا اطلاق پیر سے ہوگیا۔دوسری جانب ڈی سی اسلام آباد نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو نئی قیمتوں کا اطلاق یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے،علاوہ ازیں خیبر پختون خوا حکومت نے روٹی کی قیمت میں 5 روپے کمی کا اعلان کردیا۔وزیر خوراک خیبر پختون خوا طاہر شاہ کے مطابق 100 گرام روٹی کی قیمت 15 روپے اور 200 گرام روٹی کی قیمت 30 روپے ہوگی، خیبر پختونخوا کی حکومت عوامی حکومت ہے جو عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ایسے اقدامات اٹھاتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے مزید انقلابی اور عوام دوست اقدامات اٹھائے جائیں گے۔دوسری جانب اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ حکومت کی جانب سے روٹی کی قیمت میں کمی کا اعلان بے سود ہے کیوں کہ روٹی کی قیمت پانچ روپے کمی کے ساتھ 20 گرام وزن بھی کم کرردیا گیا، پہلے 120 گرام کی روٹی 20 روپے میں فروخت کی جارہی تھی اور اب 100 گرام کی روٹی 15 روپے میں فروخت ہوگی جس کا عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا۔