بھارتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ مکمل، ناگالینڈ کے چھے اضلاع میں کوئی ووٹ نہیں پڑا
مغربی بنگال اور منی پور میں تشدد کے واقعات،چھتیس گڑھ ، تمل ناڈو، اروناچل پردیش میں بھی گڑھ بڑھ
نئی دہلی( ویب نیوز)بھارت میں عام انتخابات کے لیے پہلے مرحلے میں ووٹنگ کا عمل مکمل ہو گیا ہے ۔ بھارتی ریاست ناگالینڈ میں ناگالینڈ پیپلز آرگنائزیشن کی انتخابی بائیکات اپیل پر چھ اضلاع میں صفر ووٹنگ ہوئی۔ریاست چھتیس گڑھ ، تمل ناڈو، اروناچل پردیش، انڈمان نکوبار اور آسام میں بھی امن و امان کی خرابی کے باعث کم ووٹ پڑے جبکہ مغربی بنگال اور منی پور میں تشدد کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔پہلے مرحلے ووٹر ٹرن آٹ میں کچھ کمی نظر آئی۔بھارت میں سات مراحل میں انتخابات ہوں گے۔ جمعے کو پہلے مرحلے میں 21 ریاستوں کے 102 حلقوں میں ووٹ ڈالے گئے۔جن ریاستوں میں ووٹ ڈالے گئے ان میں اتر پردیش، تمل ناڈو، اتراکھنڈ، منی پور، میگھالیہ، آسام، مہاراشٹر، راجستھان، مغربی بنگال اور نئی دہلی کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے حلقے شامل ہیں۔الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ویب سائٹ کے مطابق شام سات بجے تک مجموعی طور پر 60 فیصد سے زائد پولنگ ہوئی۔تاہم بھارت کے نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی اور انڈیا ٹوڈے سمیت بیشتر میڈیا اداروں نے بتایا ہے کہ رات میں نو بجے تک مجموعی طور پر62.37 فیصد ووٹ پول ہوئے۔ جب کہ 2019 میں پہلے مرحلے میں 69.43 فیصد ووٹ پڑے تھے۔ بہار میں سب سے کم 48.5 فیصد پولنگ ہوئی۔میڈیارپورٹس کے مطابق ریاست تمل ناڈو میں جہاں تمام 39 نشستوں کے لیے ووٹ ڈالے گئے، 67.2 فیصد پولنگ ہوئی۔ جب کہ 2019 میں 72.4 فیصد ہوئی تھی۔ راجستھان میں 57.3 فیصد ہوئی۔ جب کہ 2019 میں 64 فیصد ہوئی تھی۔رپورٹس کے مطابق سب سے زیادہ ووٹر ٹرن آٹ، جو 77.6 فیصد تھا مغربی بنگال میں دیکھاگیا۔ شمال مشرق کی بی جے پی حکومت والی ریاستوں آسام میں 72.3، میگھالیہ میں 75.5، منی پور میں 62.9، اروناچل پردیش میں 67.6 اور تری پورہ میں 80.6 فیصد پولنگ ہوئی۔جن ریاستوں میں ووٹ ڈالے گئے ان میں اتر پردیش، تمل ناڈو، اتراکھنڈ، منی پور، میگھالیہ، آسام، مہاراشٹر، راجستھان، مغربی بنگال اور نئی دہلی کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے حلقے شامل ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 97 کروڑ ہے۔ ایوانِ زیریں (لوک سبھا) کی کل نشستوں کی تعداد 543 ہے جن پر کامیاب ہونے والے ارکان آئندہ پانچ سال کے لیے منتخب ہوں گے۔لوک سبھا کے انتخابات میں 272 نشستیں جیتنے والی سیاسی جماعت نئی حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔مغربی بنگال میں برسراقتدار جماعت ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کارکنوں میں چنداماری کے علاقے میں تصادم ہوا۔ سیکورٹی اہلکاروں نے مداخلت کرتے ہوئے دونوں جماعتوں کے حامیوں کو منتشر کر دیا۔