لاہور،تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے شبیر گجر گرفتار
گرفتاری کی وجہ سامنے نہ آ سکی،شبیر گجر کے خلاف نہ کوئی مقدمہ ہے اور نہ لڑائی جھگڑا ہوا،ترجمان شبیر گجر
ضمنی انتخابات :لاہور،شیخوپورہ،رحیم یارخان میں سنی اتحاد کونسل و ن لیگی کارکنوں میں لڑائی جھگڑے، کئی زخمی
پولنگ بھی روکنی پڑ ی، سیاسی کارکنوں میں ہاتھا پائی کے دوران گاڑی کے شیشے توڑ بھی دئیے گئے، 2 افراد کو حراست میں لیا گیا
لاہور(ویب نیوز)
تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے شبیر گجر کو لاہور سے گرفتار کر لیا گیا۔ترجمان شبیر گجر نے کہا کہ گرفتاری کی وجہ سامنے نہ آ سکی، شبیر گجر کے خلاف نہ کوئی مقدمہ ہے اور نہ لڑائی جھگڑا ہوا۔پولیس کے مطابق شبیرگجرکونقص امن کے خدشات اورمقدمات میں نامزدگی پر حراست میں لیا گیا۔دوسری جانب پی پی 164 سے سنی اتحاد کونسل کے امیدوار چوہدری یوسف میو نے کہا ہے کہ پولیس نے چوہدری شبیر گجر کو گرفتار کرکے ہلوکی پولیس سٹیشن منتقل کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ کا عمل جاری ہے تاہم دھاندلی کی چند شکایات سامنے آئی ہیں ، دھاندلی کی شکایات سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کر دیا ۔
نارووال ضمنی انتخابات،دو سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں جھگڑا، ن لیگ کا ایک کارکن جاں بحق
نارووال میں ضمنی انتخابات کے دوران دو سیاسی جماعتوںکے کارکنوں کے درمیان جھگڑے میں ن لیگ کا ایک کارکن جاں بحق ہو گیا۔ اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ پی پی 54 میں دو سیاسی کارکنوں میں جھگڑا ہوا، جھگڑے کے دوران ایک سیاسی کا کارکن جاں بحق ہو گیا، مخالفین نے جھگڑے کے دوران سر میں ڈنڈا مار دیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ شدید زخمی 60 سالہ محمد یوسف ہسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گیا، جھگڑا ووٹ ڈالنے پر دو گروپوں کے درمیان ہوا تھا، پولنگ اسٹیشن کوٹ ناجو میں پولنگ روک دی گئی۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ نارووال میں ضمنی انتخاب میں جھگڑے میں ن لیگی کارکن جاں بحق ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی غنڈہ گردی سے الیکشن نہیں جیت سکتی، محمد یوسف کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، قاتلوں کو قانون کی گرفت میں لائیں گے۔
ضمنی انتخابات :لاہور،شیخوپورہ،رحیم یارخان میں سنی اتحاد کونسل و ن لیگی کارکنوں میں لڑائی جھگڑے، کئی زخمی
پولنگ بھی روکنی پڑ ی، سیاسی کارکنوں میں ہاتھا پائی کے دوران گاڑی کے شیشے توڑ بھی دئیے گئے، 2 افراد کو حراست میں لیا گیا
لاہور کے حلقے این اے 119 ،پی پی 139 شیخوپورہ 4 فیروز والا اوررحیم یارخان کے حلقے پی پی 266 میں ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ کے دوران سنی اتحاد کونسل اور ن لیگ کے کارکنوں میں لڑائی جھگڑ وں میں کئی کارکن زخمی ہوگئے، جبکہ پولنگ بھی روکنی پڑ ی۔ پولیس کے مطابق تصادم این اے 119لاہور کے پولنگ اسٹیشن نمبر 171 لاہور کالج میں ہوا، کارکنان نے ایک دوسرے کو گریبان پکڑ کر گھسیٹا۔ پولیس کے مطابق جھگڑا کرنے والے کارکنوں کو اپنے کیمپ میں لے گئے اور جھگڑا ختم کروا دیا۔ ادھر پی پی 139 شیخوپورہ 4 فیروز والا میں پولنگ اسٹیشن کے باہر بھی سنی اتحاد کونسل اور ن لیگ کے کارکنوں کے درمیان جھگڑا ہوا۔مخالف کارکنوں نے ایک دوسرے کو مکے اور تھپڑ مارے، تصادم کے دوران 3 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق جھگڑا انتخابی کیمپ لگانے کی جگہ کی وجہ سے ہوا، 2 افراد کو حراست لے لیا ہے۔ ترجمان الیکشن کمشنر پنجاب کا کہنا ہے کہ پی پی139شیخوپورہ میں نظام پورہ کے پولنگ اسٹیشن پر پولنگ کا عمل رک گیا تھا، تاہم پولیس کے ذریعے صورتِ حال پر قابو پا لیا ہے۔ رحیم یارخان کے حلقے پی پی 266 کے پولنگ اسٹیشن محب شاہ پر جھگڑے کے باعث پولنگ روک دی گئی۔ اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ دو سیاسی پارٹی کے کارکنوں میں ہاتھا پائی ہوئی اور گاڑی کے شیشے توڑ دئیے گئے۔