امریکا ریڈ لائن عبور نہ کر ے:چین کا انتباہ، فلپائن کا دفاع کریں گے: امریکہ
چین کی کچھ ریڈ لائنز ہیں جنہیں امریکا کو عبور نہیں کرنا چاہیے،چینی وزیر خارجہ وانگ یی
دونوں ممالک یا تو استحکام کے ساتھ آگے بڑھ سکتے ہیں یا پھر بگڑتی ہوئی صورتحال کی طرف پلٹ سکتے ہیں، واضح پیغام
چین فلپائن کے قریب اپنے جارحانہ اقدامات سے گریز کرے ، امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا ملاقات میں موقف
بیجنگ(ویب نیوز)
چین نے امریکا کو ریڈ لائنز عبور نہ کرنے سے متعلق خبردار کرتے ہوئے واضح پیغام دیا اور کہا کہ چین اور امریکا کے تعلقات مستحکم ہونا شروع ہو رہے ہیں لیکن امریکی روئیے کے باعث کچھ منفی عوامل موجود ہیں جبکہ امریکہ نے کہا ہے کہ چین فلپائن کے قریب اپنے جارحانہ اقدامات سے گریز کرے ، امریکہ اپنے اتحادی کا دفاع کرے گا ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بیجنگ میں چینی وزیر خارجہ وانگ یی کی امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات ہوئی۔ انٹونی بلنکن نے وانگ یی کے ساتھ 5گھنٹے جاری رہنے والی ملاقات کو وسیع اور تعمیری قرار دیا تھا۔ ملاقات کے دوران امریکا نے بھی خبردار کیا کہ دونوں ممالک یا تو استحکام کے ساتھ آگے بڑھ سکتے ہیں یا پھر بگڑتی ہوئی صورتحال کی طرف پلٹ سکتے ہیں، جو ممکنہ طور پر تصادم کا باعث بن سکتے ہیں۔ چینی وزیر خارجہ وانگ نے کہا کہ چین کی کچھ ریڈ لائنز ہیں جنہیں امریکا کو عبور نہیں کرنا چاہیے، انہوں نے کہا کہ چین اور امریکا کے تعلقات مستحکم ہونا شروع ہو رہے ہیں لیکن امریکی رویے کے باعث کچھ منفی عوامل موجود ہیں۔ انہوں نے بلنکن کو بتایا کہ چین کی ترقی کو غیر منصفانہ طور پر روک دیا گیا ہے اور ہمارے بنیادی مفادات خطرے میں ہیں۔ امریکا نے چین کو فلپائن کے قریب اپنے جارحانہ اقدامات کے بارے میں خبردار کیا اور اپنے اتحادی کا دفاع کرنے کا وعدہ کیا۔ انٹونی بلنکن نے بتایا میں نے واضح کیا کہ جب تک امریکا کشیدگی کو کم کرنا جاری رکھے گا، فلپائن کے ساتھ ہمارے دفاعی وعدے مضبوط ہیں۔