- آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے برطانیہ کے موجودہ اور نامزد چیف آف جنرل سٹاف سے ملاقاتیں کیں اور دو طرفہ فوجی تعلقات کو بڑھانے میں
- جنرل پیٹرک سینڈرز کی خدمات پر شکریہ ادا کیا
- پاک برطانیہ استحکام کانفرنس دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم دفاعی اور سکیورٹی ڈائیلاگ ہے،آئی ایس پی آر
اسلام آباد (ویب نیوز)
نیشنل ڈیفنس یونورسٹی میں پاک برطانیہ علاقائی استحکام کانفرنس کا انعقاد ہوا جہاں پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور اور دو طرفہ دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کانفرنس سے کلیدی خطاب کیا، برطانوی چیف آف جنرل سٹاف جنرل سر پیٹرک سینٹدرز مقررین میں شامل تھے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ نامزد برطانوی چیف آف جنرل سٹاف رولنڈ والکر بھی کانفرنس میں موجود تھے، اس کے علاوہ کانفرنس میں ماہرین، دفاعی حکام، دانشوروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے برطانیہ کے موجودہ اور نامزد چیف آف جنرل سٹاف سے ملاقاتیں کیں اور دو طرفہ فوجی تعلقات کو بڑھانے میں جنرل پیٹرک سینڈرز کی خدمات پر شکریہ ادا کیا، ساتھ ہی آرمی چیف نے نامزد چیف آف جنرل سٹاف جنرل رولینڈ واکر کویو کی نامزدگی پر مبارکباد بھی دی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ پاک برطانیہ استحکام کانفرنس دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم دفاعی اور سکیورٹی ڈائیلاگ ہے، کانفرنس باری باری پاکستان اور برطانیہ میں منعقد ہوتی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے لئے برطانیہ کا 30 رکنی وفد 29 اپریل سے 3 مئی تک پاکستان کے دورے پر ہے ، برطانوی وفد کی قیادت سٹینڈنگ جوائنٹ فورس کمانڈر میجر جنرل ٹام بیٹ مین کر رہے ہیں، کانفرنس میں عالمی، قومی سلامتی اور علاقائی امن و استحکام کے اثرات پر مباحثہ ہوگا۔