ملک کے لئے اہم سنگِ میل، پاکستان کا تاریخی خلائی مشن آئی کیوب قمر چاند پر روانہ
پاکستان چاند کے مدار میں سیٹلائٹ بھیجنے والا چھٹا ملک بن گیا
سیٹلائٹ چاند کے مدار پر 5 دن میں پہنچے گا، دنیا کا پہلا مشن ہے جو چاند کی دوسری طرف سے نمونے حاصل کرے گا،ڈاکٹرخرم خورشید
ہینان،اسلام آباد ( ویب نیوز)
چین کے تعاون سے پاکستان نے خلائی تحقیق کے میدان میں اہم سنگ میل عبور کرلیا، چین کے خلائی مشن چینگ ای 6 کے ساتھ پاکستان کا سیٹلائٹ آئی کیوب قمر چاند کے گرد چکر لگانے کے لیے روانہ ہوگیا۔سیٹلائٹ چین کے شہر ہینان کے وینچینگ خلائی سینٹر سے روانہ ہوا، جس کے بعد پاکستان چاند کے مدار میں سیٹلائٹ بھیجنے والا چھٹا ملک بن گیا ہے۔سیٹلائٹ آئی کیوب قمر جمعہ کی دوپہر 2 بجکر 27 منٹ پر روانہ ہوا، جسے چینی میڈیا اور انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کی ویب سائٹ پر براہ راست نشر کیا گیا۔مشن کی روانگی پر سپارکو میں جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے، سپارکو کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر تالیوں سے گونج اٹھا، لوگوں نے نعرہ تکبیر اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔آئی کیوب قمر کو انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی نے چین کی شنگھائی
یونیورسٹی اور پاکستان نیشنل اسپیس ایجنسی سپارکو کے تعاون سے ڈیزائن اور تیار کیا ہے۔یہ دنیا کا پہلا مشن ہے جو چاند کی دوسری طرف سے نمونے حاصل کرے گا، پاکستانی سیٹلائٹ آئی کیوب قمر دو آپٹیکل کیمروں سے لیس ہے جو چاند کی سطح کی تصاویر لینے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ٹیسٹنگ اور قابلیت کے مرحلے سے کامیابی سے گزرنے کے بعد آئی کیوب کیو کو چین کے چینگ 6 مشن کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کے رکن کور کمیٹی ڈاکٹرخرم خورشید نے ایک نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سیٹلائٹ چاند کے مدار پر 5 دن میں پہنچے گا۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کا سیٹلائٹ مشن 3 سے 6 ماہ تک چاند کے اطراف چکر لگائے گا، سیٹلائٹ کی مدد سے چاند کی سطح کی مختلف تصاویر لی جائیں گی جس کے بعد پاکستان کے پاس تحقیق کے لیے چاند کی اپنی سیٹلائٹ تصاویر ہوں گی۔ڈاکٹرخرم خورشید نے کہا کہ سیٹلائٹ پاکستان کا ہے، ہم ہی اس کا ڈیٹا استعمال کریں گے لیکن چونکہ اسے چین کے نیٹ ورک کو استعمال چاند پر پہنچایا جارہا ہے اس لیے چینی سائنسدان بھی اس ڈیٹا کو استعمال کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ سیٹلائٹ 2 سال کی قلیل مدت میں تیار کیا گیا ہے۔ڈاکٹر خرم خورشید نے بتایا کہ بھارت کے چندریان سے پاکستان کے مشن کا موازنہ کرنا مناسب نہیں ہوگا کیونکہ چندریاں بڑا مشن تھا جس نے چاند پر لینڈنگ کی تھی لیکن آئی کیوب قمر چاند کے مدار پر چکر لگائے گا، یہ ایک چھوٹی سیٹلائٹ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ لیکن مستقبل میں بڑے مشن کے لیے راہ ہموار کرنے کے لیے یہ ابتدائی طور پر ایک چھوٹا پروجیکٹ ہے۔ڈاکٹر خرم خورشید نے نے بتایا کہ یہ دنیا کا پہلا مشن ہے جو چاند کی دوسری طرف سے نمونے حاصل کرے گا، یہ مشن 53 دن پر مشتمل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس مشن میں چاند پر چکر لگانا، ٹیک آف کرنا اور واپس پہنچنا شامل ہے جب کہ یہ 2 کلو گرام تک کا مادہ اٹھانے کی کوشش کرے گا۔دوسری جانب جنرل منیجر آئی ایس ٹی سید ثمر عباس نے بتایا کہ چاند کا موسم، زمین اور مقناطیسی میدان سے متعلق اس مشن سے اہم معلومات ملیں گی۔انہوں نے کہا کہ 2022 میں چینی نیشنل اسپیس ایجنسی نے ایشیا پیسیفک اسپیس کارپوریشن آرگنائزیشن (ایپسکو) کے ذریعے رکن ممالک کو چاند کے مدار تک مفت پہنچنے کا منفرد موقع فراہم کیا تھا۔ثمر عباس نے نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایپسکو کی پیشکش پر رکن ممالک نے اپنے منصوبے بھیجے تھے، ایپسکو کے رکن ممالک میں پاکستان، بنگلا دیش، چین، ایران، پیرو، جنوبی کوریا، تھائی لینڈ اور ترکی شامل ہیں۔پاکستان کی جانب سے انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی نے بھی مجوزہ منصوبہ جمع کرایا تھا، 8 ممالک میں سے صرف پاکستان کے منصوبے کو قبول کیا گیا، دو سال کی محنت کے بعد سیٹلائٹ آئی کیوب قمر کو مکمل کیا جاسکا۔چین کے چینگ 6 کے مشن کا مقصد چاند کی سطح سے نمونے اکٹھا کرنا ہے اور ان نمونوں کو پھر زمین پر واپس لایا جائے گا جہاں سائنسدان چاند کی ساخت، تاریخ اور تشکیل کے بارے میں مزید جاننے کے لیے تحقیق کریں گے۔یہ مشن پاکستان کے لیے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس میں انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کی طرف سے تیاردہ کیوب سیٹ سیٹلائٹ آئی کیوب کیو بھی موجود ہے۔سیٹلائٹ آئی کیوب کیو سیٹلائٹ چھوٹے سائز اور معیاری ڈیزائن کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔کیوب سیٹس کیوبک شکل میں بنائے گئے ہیں اور ماڈیولر اجزا سے بنے ہیں جو مخصوص سائز کے معیار پر عمل کرتے ہیں۔ان سیٹلائٹس کا وزن اکثر چند کلو گرام سے زیادہ نہیں ہوتا اور انہیں مختلف مقاصد کے لیے خلا میں بھیجا جاتا تھا۔کیوب سیٹس کا بنیادی مقصد سائنسی تحقیق، تکنیکی ترقی اور خلائی تحقیق سے متعلق تعلیمی منصوبوں میں سہولت فراہم کرنا ہے۔کیوب سیٹس کو مختلف مشنوں کے لیے استعمال کیا گیا ہے، جیسے کہ زمین کا مشاہدہ کرنا، ماحول کا مطالعہ کرنا، ریموٹ سینسنگ کرنا، مواصلات کی سہولت فراہم کرنا، اسے فلکیات اور نئی ٹیکنالوجیز کے مظاہرے کے لیے بھی استعمال کیا گیا
وزیراعظم کی چاند پر پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ بھجوانے پر قوم اور سائنسدانوں کو مبارکباد
وزیراعظم شہبازشریف نے چاند پر پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ بھجوانے پر قوم اور سائنسدانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی کیوب قمر سیٹلائٹ خلامیں پاکستان کے پہلا قدم ہے،اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ جوہری میدان کی طرح اس میدان میں بھی ہمارے سائنسدان، انجینئرز اور ہنرمند اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوارہے ہیں،انہوں نے کہاکہ انسٹیٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کی کور کمیٹی ، اس کے رکن ڈاکٹر خرم خورشید، سپارکو سمیت تمام ٹیم خاص طور پر پراجیکٹ میں حصہ لینے والے طالب علموں کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں ،وزیراعظم نے کہاکہ ہمالیہ سے بلند، سمندر سے گہری اور شہد سے میٹھی پاک چین دوستی خوشبو ں کی سرحد سے آگے نکل کر آج خلاوں کی سرحد بھی پار کرچکی ہے 8 ممالک میں سے صرف پاکستان کے منصوبے کو قبول کیاجانا ہمارے سائنسدانوں اور ماہرین کی قابلیت کا اعتراف ہے یہ تکنیکی ترقی کے سفر کا بہت تاریخی لمحہ ہے، اس اہم کامیابی سے پاکستان خلا کے با مقصد استعمال کے نئے دور میں داخل ہو گیا ہے یہ کامیابی سیٹلائٹ کمیونیکیشن کے شعبے میں پاکستان کی صلاحیتوں کو بڑھائے گی، سائنسی تحقیق، اقتصادی ترقی اور قومی سلامتی کے لیے نئے مواقع بھی پیدا کرے گی ،انہوں نے کہاکہ پاکستان کے بیٹوں نے ثابت کیا کہ وہ خلاوں کو بھی تسخیر کرنے کی صلاحیت، جذبہ اور مہارت رکھتے ہیں اللہ تعالی نے چاہا تو 28 مئی 1998 کی طرح خلاوں اور معاشی اوج کمال کو بھی پہنچیں گے مواصلاتی ڈھانچے میں خود مختاری کے اس خواب کی مکمل تعبیر سے پاکستان بھی اس شعبے میں قائدانہ کردار ادا کرنے والے ممالک میں شمار ہو گا،وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کی سائنس وٹیکنالوجی، جدید علوم اور ہنرمندی میں ترقی وقت اور ملک کی ضرورت ہے پوری کوشش اور توجہ ہے کہ اپنی نوجوان نسل کو جدید علوم وفنون، سائنس وٹیکنالوجی میں آگے لے کر جائیں تاکہ پاکستان ایجادات کی دنیا میں بھی سب سے آگے ہو۔۔