اداروں کو اپنے دائرہ کار میں جانا ہوگا، مولانا فضل الرحمن
 پی ٹی آئی سے سیز فائر ہوچکا  ہے
اسٹیبلشمنٹ بند گلی میں جاچکی ہے. یکم جون کو مظفرگڑھ میں عوامی اسمبلی منعقد ہوگی
فیصل آبادمیں میڈیا سے بات چیت

فیصل آباد ( ویب  نیوز)

سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ تمام سیاست دانوں کو فکر کرنی ہوگی کہ ہمارے الیکشن متنازعہ ہوتے ہیں،  پی ٹی آئی سے ہمارا سیز فائرہوچکا  ہے،ملک کا نظام اس وقت خراب ہے، آئین موجود ہے لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہے، ادارے مسائل کے حل کے لئے موجود ہیں جیسے اٹھارویں ترمیم کے لیے بھی ہم بیٹھے تھے، اب پھر مل بیٹھیں اسٹیبلشمنٹ اب بند گلی میں جاچکی ہے ، یکم جون کو مظفرگڑھ میں عوامی اسمبلی منعقد ہوگی۔ فیصل آبادمیں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن تو ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھا دیکھتا رہتا ہے وہ آئین پر عملدرآمد نہیں کرواسکتا۔جب آئین پر عمل ہی نہیں ہوگا تو آئین کیوں بنایا پھر ،ہماری سیاست اوپن سیاست ہے ،ہمارے اداروں کو اپنے دائرہ کار کے اندر جانا ہوگا،اسٹیبلشمنٹ اب بند گلی میں جاچکی ہے ان کے پاس بھی کوئی راستہ نہیں ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہمارا سیز فائر ہے جو خوش آئند ہے تاکہ سیاسی قوتوں کے تصادم سے کوئی قوت فائدہ نہ اٹھائے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی ہم نے مذمت کی ،فوجی تنصیبات پر حملے کی ہم نے بھی مذمت کی،لیکن 9 مئی کے بعد یا تو "وہ”تسلیم کریں کہ انتخابی دھاندلی ہوئی ورنہ پھر اگر انتخاب حقیقی ہے تو قوم نے ان کا 9 مئی کا بیانیہ مسترد کردیا ہے۔ مولانا فضل الرحمن  نے کہا کہ پیپلزپارٹی حکومت میں نہیں ہے اس کا مطلب ہے کہ ملک میں اس وقت اقلیتی حکومت چل رہی ہے۔ ہماری تحریک جاری ہے یکم جون کو مظفرگڑھ میں عوامی اسمبلی منعقد ہوگی۔ تحریک کا عوام نے ہماری توقع سے بڑھ کر رسپانس دیا ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اداروں کو اپنے دائرہ کار میں واپس جانا ہوگا ورنہ مشکلات بڑھیں گی  کوئی بھی نہیں سنبھال سکے گا۔