قومی، صوبائی اسمبلیوں میں اضافی نشستوں پر منتخب 77 ارکان کی ر کنیت معطل، الیکشن کمیشن کا  نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد( ویب  نیوز)

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سنی اتحاد کونسل کی درخواست پر سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں اضافی نشستوں پر منتخب 77 ارکان کی رکینت معطل کردی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ قومی اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر 22 منتخب ارکان کی رکنیت معطل کی گئی، ان میں 19 خواتین اور 3 اقلیتی ارکان شامل ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی سے 21 خواتین اور 4 اقلیتی ارکان معطل ہوئے، پنجاب اسمبلی سے 24 خواتین اور 3 اقلیتی رکن معطل ہوئے۔نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ اسمبلی سے 2 خواتین اور ایک اقلیتی رکن کو معطل کیا گیا۔الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی میں خیبر پختوا سے مسلم لیگ (ن) کی چار ، جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمن (جے یو آئی ف) کی 2، پیپلز پارٹی کی 2 خواتین ارکان کی رکنیت معطل کی۔اس کے علاوہ قومی اسمبلی میں مخصوص نشست پر پنجاب سے منتخب پیپلز پارٹی کی 2 اور مسلم لیگ (ن) کی 9 خواتین ارکان کی رکنیت معطل کی گئی ہے۔یاد رہے کہ 6 مئی کو سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی اور مخصوص نشستیں دوسری جماعتوں کو دینے کا پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کردیا تھا۔