لاہور  ( ویب نیوز )
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے پاکستان حماس کی حکومت کو تسلیم کرے۔ فلسطین میں بچوں، بیٹیوں کا قتل عام نہیں دیکھ سکتے، اسلامی دنیا کے حکمران بے حمیتی کا راستہ اختیار کرنے کی بجائے امت کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کریں، وزیراعظم شبہاز شریف تو نجی محفلوں میں خود تسلیم کرتے ہیں کہ بے اختیار ہیں، کم ازکم آرمی چیف ہی اسرائیل کو واضح پیغام دے دیں کہ بہت ہوگیا۔اسلام آباد میں فلسطین صورتحال پر اسلامی دنیا کے سربراہان کا اجلاس بلایا جائے۔ غزہ میں چالیس ہزار افراد شہید کردیے گئے، رفح کراسنگ بند ہے، انسانی المیہ پیدا ہوچکا ہے،ثابت ہوگیا اقوام متحدہ بے بس ادارہ ہے، ہمیں اپنے آپ کو بڑی تحریک کے لیے تیار کرنا ہوگا، ایک طرف پاکستان کو فارم سنتالیس کے ذریعے مسلط کیے گئے امریکی غلاموں سے نجات دلانی ہے دوسری طرف مسجد اقصیٰ کی آزادی کے لیے جدوجہد تیز کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں غزہ ملین مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حماس کے سربرہ اسماعیل ہنیہ نے بھی خصوصی دعوت پر شرکاء مارچ سے آن لائن خطاب کیا۔ انہوں نے جماعت اسلامی اور پاکستانی قوم کی جانب سے فلسطین کاز سے محبت و عقیدت پر سب کا شکریہ ادا کیا اور اس عہد کا اعادہ کیا کہ اہل فلسطین اور مجاہدین حماس فلسطین کی آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے اور انشا اللہ کامیاب ہوں گے۔ملین مارچ میں نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر عطاالرحمن، امیر صوبہ پروفیسر محمد ابراہیم، سینیٹر مشتاق احمد خان، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، صوبائی سیکرٹری جنرل عبدالواسع، امیر پشاور بحراللہ ایڈووکیٹ، نائب امیر صوبہ مولانا اسماعیل، صدر جے آئی یوتھ کے پی صہیب الدین کاکاخیل اور دیگر رہنما بھی شریک ہوئے۔
امیر جماعت نے حماس کے سربرہ اور مجاہدین اور فلسطینیوں کی جرات اور جذبے کوسلام پیش کیا اور کہا کہ اسماعیل ہنیہ کے تین بچوں سمیت خاندان کے ساٹھ افراد شہید ہوچکے ہیں لیکن وہ مسکرا رہے ہیں اور عزیمت کاپہاڑ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صہیونی افواج کی جانب سے سات ماہ سے جاری مظالم کے باوجود ابھی تک ایک فلسطینی نے نہیں کہا کہ وہ سرنڈر کرنے کے لیے تیار ہیں۔ اہل فلسطین کی جدوجہد مسلم دنیا کی افواج کے لیے سبق ہے کہ کس طرح ایمان کی طاقت سے وہ دنیا کی بڑی طاقت کا ڈٹ کر مقابلہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا کے اکثر حکمران امریکہ کے غلام ہیں، انہیں خوف ہے کہ حماس کی تحریک کامیاب ہوگئی تو ان کی بادشاہتیں ختم ہوجائیں گے، امریکہ پوری دنیا میں سب سے بڑا دہشت گرد ہے، اس نے اپنے مفادات کے لیے لاکھوں انسانوں کو قتل کیا، امریکہ دنیا میں انہی جمہوریتوں کو سپورٹ کرتا ہے جو اس کی آلہ کار بنیں، امریکہ کو صدر مرسی اور الجزائر میں اسلامی فرنٹ کی جمہوری حکومتیں قبول نہیں، امریکی مرضی سے پاکستان میں بھی حکومتیں مسلط کی جاتی ہیں۔
امیر جماعت نے کہا کہ پرویز مشرف کے دور سے لے کر اب تک پاکستان امریکی غلامی میں کہیں آگے نکل گیا اور اس کا نتیجہ ہمیں بلیک واٹر، سی آئی اے کی ملک میں جاری دہشت گردانہ کاروائیوں میں شرکت کی صورت میں ملا، امریکہ کی پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر نظر ہے، یہ بھارت کو خطے کا چوکیدار بنانا چاہتا ہے، یہ ملک میں مسلط رہنے والی امریکہ نواز حکومتوں کے کارنامے ہیں کہ آج کے پی اور بلوچستان جل رہے ہیں، پنجاب میں پولیس دندناتی پھر رہی ہے، سندھ میں ڈاکو راج ہے، معیشت پر آئی ایم ایف کا قبضہ ہے، امریکہ کے ایجنٹوں نے سیاہ رات طویل کررکھی ہے، نوجوان مایوس ہیں، ان حالات میں ہمیں متحد ہونا ہوگا، ہمیں امریکہ اور اس کے وفاداروں کے مذموم مقاصد کو بے نقاب کرنا ہے، ہم ایک عالمگیر تحریک ہیں، ہمیں کشمیریوں، فلسطینیوں کے لیے اٹھنا ہوگا، میانمار کا مقدمہ لڑنا ہوگا، مظلوم انسانیت کے لیے آواز اٹھانی ہوگی، انہوں نے کہا کہ فروعی اختلاف پر امت کو تقسیم کرنے اور فتوے جاری کرنے والے مسلمانوں کے دوست نہیں، علما امت کو متحد کریں، سب سے بڑا شرک  نظام میں غاصب کی حمایت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی امت کو متحد کرے گی اور پاکستان کو عظیم پاکستان بنائے گی۔