حافظ نعیم الرحمن کی جماعت اسلامی کی قائمہ کمیٹی برائے سیاسی امور کو ملک گیر پرامن عوامی مزاحمت کا لائحہ عمل تیارکرنے کی ہدایات
فارم 47 کی پیداوارجعلی حکومت کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے، کارکنوں کو بڑی تحریک کے لیے تیار کریں ،امیر جماعت کا اجلا س سے خطاب
اجلاس کے آغاز پرایران کے صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور دیگر رہنمائوں کی ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہادت پر دعائے مغفرت
لاہور (ویب نیوز)
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے قائمہ کمیٹی برائے سیاسی امور کو ملک گیر پرامن عوامی مزاحمت کے لائحہ عمل کی تیاری کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے اس عہد کا اعادہ کیا ہے کہ جماعت اسلامی فارم 47 کی پیداوارجعلی حکومت کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی ،عوام کو درپیش مہنگائی ، بے روزگاری ،بد امنی جیسے گھمبیر مسائل کے حل کے لیے ماس موبلائزیشن کی جائے گی، کارکنوں کو بڑی تحریک کے لیے تیار کیا جائے۔منصورہ میں ہونے والے اجلاس کا آغاز ایران کے صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور دیگر رہنمائوں کی ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہادت پر دعائے مغفرت سے ہوا۔ امیر جماعت نے ابراہیم رئیسی کی امت کے اتحاد، پاک ایران تعلقات کی مضبوطی کے لیے کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ایران نے ابراہیم رئیسی کی قیادت میں اہل غزہ اور حماس کے حق میں جاندارنہ موقف اختیار کیا جسے جماعت اسلامی اور پوری پاکستانی قوم تحسین کی نظر سے دیکھتی ہے۔ قائمہ کمیٹی برائے سیاسی امور کے اجلاس میں نائب امیر و صدر کمیٹی لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم ، سیکرٹری کمیٹی عنایت اللہ و دیگر قائدین نے شرکت کی۔امیر جماعت نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ قومی ایجنڈا کی تکمیل کے لیے ایسا منصوبہ مرتب کیا جائے کہ جس کے نتیجہ میں برپا ہونی والی تحریک میں ملک بھر سے تمام طبقہ ہائے فکر اور خصوصی طور پر نوجوانوں اور خواتین کی شرکت ہو۔ ملک میں مسلط رہنے والے امریکہ نواز حکمران ٹولہ نے نوجوانوں کو مایوس کردیا ہے، آئی ایم ایف کی تابعداری میں ایسی معاشی پالیسیاں دی گئیں جس سے قومی معیشت کا جنازہ نکل گیا، عوام ٹیکسز کے بوجھ تلے دب کر رہ چکے ہیں ، حکمران طبقہ عیاشیوں میں مصروف ، ریاستی وسائل پر مکمل قابض ہے، بجلی اور گیس کے ٹیرف میں مزید اضافہ تجویز کیا جارہا ہے جبکہ پٹرولیم لیوی اورکاربن ٹیکس جیسے عوام دشمن اقدامات کی بھی تیاری ہورہی ہے۔ ملک میں قانون وانصاف نام کی کوئی چیز نہیں، الیکشن میں عوامی مینڈیٹ پر شب خون مارا گیا،جعلی اسمبلیوںسے سوشل میڈیا کا گلا گھونٹنے کے قوانین پاس ہورہے ہیں،کے پی اور بلوچستان میں دہشت گردی واقعات میں اضافہ ہورہا ہے، سندھ میں ڈاکو راج ہے، کراچی میں تمام پانچ ہزار پولنگ سٹیشن سے ہارنے والی جماعت کو تمام سیٹیں دے دی گئیں ، پنجاب میں پولیس دندناتی پھر رہی ہے، لوگوں کے گھروں پر بے جا چھاپے مارے جارہے ہیں، اس تمام صورتحال میں جماعت اسلامی ہرگز خاموش نہیں رہ سکتی، مظلوموں کی آواز بنیںگے۔امیر جماعت نے غزہ ملین مارچ کے انعقاد پر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا اور خصوصی طور پر جماعت اسلامی پشاور کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ جماعت اسلامی اہل فلسطین اور مسجد اقصیٰ کی آزادی کے لیے پوری طاقت سے آواز اٹھاتی رہے گی۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک عالمگیر تحریک ہے، ہم کشمیریوں، فلسطینیوں سمیت پوری دنیا میں مظلوم انسانیت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ امریکی اور اسرائیلی دہشت گردی سے دنیا کا امن خطرے میں ہے، امریکا، بھارت کو بھی جنوبی ایشیا خطے میں پولیس مین کا کردار دلوانا چاہتا ہے، ہم اسے ہرگز قبول نہیں کریں گے، امریکا اور اس کے ایجنٹوں کا ہر جگہ مقابلہ کیا جائے گا