خیبر پختونخوا: سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں، 23 دہشت گرد ہلاک،5 جوان شہید
ضلع خیبر کے علاقے باغ  میںدہشت گردوں سے فائرنگ کے شدید تبادلے میں 5 بہادر سپاہیوں نے جام شہادت نوش کیا۔آئی ایس پی آر

پشاور: دہشتگردوں کے ساتھ لڑتے ہوئے شہید ہونے والے فوجی جوانوں کی نماز جنازہ ادا، آرمی چیف کی شرکت
 آرمی چیف کا پشاور سی ایم ایچ کا دورہ، زخمی ہونے والے فوجی جوانوں کی خیریت دریافت کی ،ان کے بلند حوصلے کو سراہا
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا دہشتگردوں کے خلاف پوری قوت سے مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ

پشاور(ویب  نیوز)

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 3 مختلف آپریشنز کرتے ہوئے 23 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پشاور میں کارروائی کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ترجمان پاک فوج نے مزید بتایا کہ ضلع ٹانک میں کیے گئے آپریشن کے دوران 10 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ تیسرا آپریشن ضلع خیبر کے علاقے باغ میں کیا گیا جس میں فورسز نے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کیا جب کہ دو دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق تیسرے آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کے شدید تبادلے میں 5 بہادر سپاہیوں نے جام شہادت نوش کیا۔بیان میں بتایا گیا کہ شہید ہونے والے جوانوں میں کہوٹہ سے تعلق رکھنے والے 32 سالہ نائیک محمد اشفاق بٹ، ضلع پونچھ کے رہائشی 30 سالہ لانس نائیک سید دانش افکار ، ضلع لیہ کے 32 سالہ سپاہی تیمور ملک، پونچھ کے 22 سالہ سپاہی نادر صغیر ، ضلع خوشاب کے 23 سالہ محمد یاسین شامل ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز نے پشاور ضلع کے علاقہ حسن خیل میں انٹیلیجنس بنیادوں پر آپریشن کرتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان بھی شہید ہوگئے تھے۔
خیبرپختونخوا میں دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کردی گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شہدا کی نماز جنازہ میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سمیت سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔بعد ازاں آرمی چیف نے آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے فوجی جوانوں کی خیریت دریافت کرنے کے لیے پشاور سی ایم ایچ کا دورہ کیا اور ان کے بلند حوصلے کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دہشتگردوں کے خلاف پوری قوت سے مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کیا جائے گا۔واضح رہے کہ سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 3 مختلف کارروائیوں کے دوران 23 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ہے۔