عمران خان کے ایکس اکاونٹ سے شیخ مجیب الرحمن کی ویڈیو شیئر کرنے کے معاملے کی انکوائری کا فیصلہ
ایف آئی اے، بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاونٹ بند کرنے کے حوالے سے امور کا بھی جائزہ لے گی
اسلا م آباد( ویب نیوز)
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے) نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ایکس اکاونٹ سے شیخ مجیب الرحمن کی ویڈیو شیئر کرنے کے معاملے کی انکوائری کا فیصلہ کیا ہے۔ایف آئی اے سائبر ونگ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق انکوائری کا فیصلہ گزشتہ دنوں عمران خان کے آفیشل ایکس( سابقہ ٹوئٹر) ہینڈل سے شیخ مجیب الرحمان کی پروپیگنڈا ویڈیو اپ لوڈ کرنے پر کیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق 26 مئی کو بانی پی ٹی آئی کے ایکس ہینڈل سے شیخ مجیب الرحمان کے نام پر ویڈیو پوسٹ کی گئی۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ عمران خان اڈیالہ جیل میں ہیں، ان کا آفیشل ہینڈل پروپیگنڈا ویڈیو اپ لوڈ کیلئے استعمال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے سائبر ونگ پی ٹی آئی کے 4 لوگوں سے اس معاملے پر بات کرے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے ٹیم عمران خان، بیرسٹرگوہر، عمرایوب اور روف حسن سے بات کرے گی اور تعین کرے گی کہ ویڈیو ٹوئٹ بانی پی ٹی آئی نے خود یا ان کی اجازت سے کی گئی۔نوٹیفکیشن کے مطابق یہ بھی دیکھا جائے گا کہ پاکستان مخالف پروپیگنڈا کس نے بنایا اور کس نے چلایا،اکاونٹ ہولڈرکی طرف سے ایسا کیا گیا تو ان کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔اکاونٹ ہولڈر نے ٹوئٹ نہیں کیا تو انہیں اپنا ایکس اکاونٹ غیر قانونی استعمال پر بند کرنے کی درخواست دینا ہوگی،ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے اس امر کی تحقیق کرے گی کہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاونٹ سے ویڈیو کس نے، کیوں اور کیسے شیئر کی۔ایف آئی اے، سابق وزیر اعظم کا ایکس اکاونٹ بند کرنے کے حوالے سے امور کا بھی جائزہ لے گی