مسلم لیگ(ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں  پی ٹی آئی سے مذاکرات کا معاملہ بھی زیربحث  آیا۔
نوازشریف نے مذاکرات میں بانی پی ٹی آئی کو سب سے بڑی رکاوٹ قرار دے دیا ۔ ذرائع
جمہوریت کی بحالی اور آئین کی بالادستی کے لیے پیپلزپارٹی کے کردارکی تعریف

مری ( ویب  نیوز)

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر محمد نوازشریف نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کے حوالے سے اپنا موقف واضح کرتے ہوئے مذاکرات میں بانی پی ٹی آئی کو سب سے بڑی رکاوٹ قرار دے دیا ۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف سے گزشتہ روز مری میں مسلم لیگ ن کے ارکان سینیٹ کی ملاقات میں پی ٹی آئی سے مذاکرات کا معاملہ بھی زیربحث  آیا۔ پارٹی سے تعلق رکھنے والے  سینیٹرز  نے نوازشریف  سے پی ٹی آئی سے مذاکرات سے متعلق پارٹی پالیسی کے بارے سوال کیا ، نوازشریف نے جواب دیا  پی ٹی آئی سے مذاکرات میں خود بانی پی ٹی آئی سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔ پارٹی صدر نے کہا کہ  بانی پی ٹی آئی بات چیت کے لیے  خود سنجیدہ نہیں کوئی کیسے ان سے بات کرے ، بانی پی ٹی آئی ہماری نیک نیتی اور خلوص کو ہماری کمزوری سمجھتے ہیں،ماضی میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی  کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھایا لیکن انہوں نے جھٹک دیا ، پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین کے پاس خود چل کر بنی گالہ گیا تھا ،چاہتا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور ہم مل کر چلیں مگر وہ کہیں اور چلے گئے ۔ نوازشریف  نے کہا کہ بلاشبہ سیاسی و جمہوری استحکام کے لیے مل کرچلنا سیاسی قوتوں کی ذمہ داری ہے ،شدید سیاسی مخالفت کے باوجود میں اور بے نظیر بھٹو شہید ملک وقوم کے لیے اکٹھے ہوئے ۔ بے نظیر بھٹو شہید ایک بڑی سیاسی رہنما تھیں،  ہم نے میثاق  جمہوریت کیا،مسلم لیگ ن  اور پیپلزپارٹی نے ملک میں جمہوریت کی بحالی اور آئین کی بالادستی کے لیے مشترکہ کردار ادا کیا۔