ہندوستان سے متعلق  قومی پالیسی میں یکطرفہ تبدیلی  تباہ کن ثابت ہوگی،ترجمان پی ٹی آئی
اسلام آباد (ویب  نیوز)

ترجمان  پاکستان تحریک انصاف نے واضح کیا ہے کہ ہندوستان سے متعلق  پاکستان کی پالیسی میں یکطرفہ کوئی بھی تبدیلی  تباہ کن اور قوم کیلئے ناقابلِ قبول ہوگی۔ بھارت کے ساتھ پاکستان کی اصولی پالیسی ،خاندانی مفادات کی بھینٹ چڑھانے کی کسی بھی کوشش کو قوم قبول نہیں کرے گی۔ ترجمان تحریک انصاف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکمران جماعت کے ایک غیرمنتخب، غیرنمائندہ اور غیرمجاز لیڈر کے دل میں مودی کیلئے پائی جانے والی شخصی گرمجوشی کو ریاستی مفادات اور قومی وقار کیلئے زہر بنانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ پچھلی مرتبہ مودی کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کیلئے اس شخص نے حریت قیادت کو مکمل نظرانداز کیا اور ان سے ملاقات کی مسلمہ روایت کو توڑا۔ اس مرتبہ مودی نے اسے یا اس کے وزیراعظم بھائی کو مدعو تو نہیں کیا مگر یہ دونوں کشمیریوں پر ہندوتوا سرکار کے غیرآئینی قبضے کو یکسر نظرانداز کرتے ہوئے مبارکباد دینے کیلئے مرے جارہے تھے،جس شدت پسند، نسل پرست اور تعصب اور نفرت میں ڈوبے شخص کو مبارکباد کیلئے دونوں بھائی ہلکان ہوئے جاتے ہیں وہ اپنی کابینہ میں ایک مسلم تک گوارا کرنے کو تیار نہیں، مودی کی یکطرفہ چاپلوسی اور ذلت آمیز خوش آمدید کے شوق میں دونوں بھائیوں نے کشمیر اور اہلِ کشمیر اور ان کی پاکستان کی سیاسی قیادت اور حکومت سے توقعات کو نہایت حقارت سے نظرانداز کردیا،خاندانی کاروباری مفادات کی بھینٹ چڑھانے کی اجازت نہیں دیں گے، ہندوستان کے ساتھ مستقل کشیدگی کے حق میں نہیں تاہم ہندوتوا سرکار کے اقلیتوں خصوصاً مسلم کش فسطائی ایجنڈے اور کشمیر میں جنگی جرائم سے صرفِ نظر ممکن نہیں،ہندوستان سمیت دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ تعلقات کو مساوات، قومی خودداری اور ملی وقار کی انہی بنیادوں پر استوار ہونا ہے جس کی عملی تصویر عمران خان نے ایبسولیوٹلی ناٹ جیسے شہرہ آفاق جملے سے کی،رجیم چینج کے بعد کٹھ پتلی راج کے مختلف شکلوں میں قوم پر مسلط کئے جانے والے کردار خارجہ پالیسی کے ساتھ غیرذمہ دارانہ اور عوامی تائید سے محروم چھیڑ چھاڑ میں مصروف ہیں، عمران خان اور انکی جماعت قومی مفادات کی امین اور اقوامِ عالم خصوصاً اسرائیل اور ہندوستان کے حوالے سے قومی امنگوں کی پاسبان ہے، مینڈیٹ چوروں کے ذریعے کشمیر اور فلسطین جیسے حساس معاملات کو کسی ایڈونچر کی بھینٹ چڑھانے کی کوشش کی گئی تو بھرپور مزاحمت کریں گے۔