پشاور: فورسز کا آپریشن، کمانڈرعبدالرحیم سمیت 3 دہشتگرد ہلاک، 4 جوان شہید
حکومت نے دہشتگرد کمانڈر عبدالرحیم کے سر کی قیمت 60 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی
صدر مملکت کا پشاور کے علاقہ حسن خیل میں مشترکہ انٹیلیجنس آپریشن میں جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس ، شہدا کو خراج عقیدت
پشاور( ویب نیوز)
پشاور کے علاقے حسن خیل میں فورسز کے ساتھ فائرنگ کے شدید تبادلے میں دہشت گرد کمانڈر عبدالرحیم سمیت 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ 4 جوان شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پشاور کے علاقے حسن خیل میں انتہائی مطلوب دہشت گرد کی موجودگی کی اطلاع پر مشترکہ انٹیلی جنس آپریشن کیا گیا، حکومت نے دہشتگرد کمانڈر عبدالرحیم کے سر کی قیمت 60 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں صوابی کا 24 سالہ سپاہی محمد ادریس، کوہاٹ کا 34 سالہ سپاہی بادام گل، سی ٹی ڈی کے سب انسپکٹر تاج میر شاہ، اے ایس آئی محمد اکرم بھی شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد کمانڈر عبدالرحیم کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ پر 26 مئی کو حملے میں ملوث تھا، مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز ملک میں امن اور استحکام کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ ہیں
دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنے جوانوں کے پیچھے کھڑی ہے، آصف علی زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے پشاور کے علاقہ حسن خیل میں قانون نافذ والے اداروں کے مشترکہ انٹیلیجنس آپریشن میں جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ،اپنے جاری بیان میں انہوں نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے آپریشن کے دوران ہائی پروفائل دہشت گرد سمیت سماج دشمنوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ،صدر مملکت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنے جوانوں کے پیچھے کھڑی ہے، دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے گا، صدر مملکت نے شہدا کے لیے بلندی درجات، لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا ء کی ۔۔