پی ٹی آئی کے ارکان پارلیمان کا پارلیمینٹ ہاؤس میں دوسرے روز بھی بھوک ہڑتالی کیمپ کا انعقاد
اسلام آباد ( ویب نیوز)
پی ٹی آئی کے ارکان پارلیمان نے پارلیمینٹ ہاؤس میں بھوک ہڑتالی کیمپ بدھ کو بھی لگایا گیا ۔علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ میں اپوزیشن اتحادی جماعتوں کو بھی شرکت کی دعوت دے دی گئی ہے۔ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ حکومت کے ہر غیر آئینی حربے کا بھرپور مقابلہ کیاگیا ہے ،حکومتی چھاپوں، انتقامی کارروائیوں، مہنگائی خاتمے اور اسیران کی رہائی کے لئے احتجاج جاری ہے جمعہ کو ملک گیر احتجاج ہوگا ۔ کیمپ میں اپوزیشن لیڈرز عمر ایوب، شبلی فراز،چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، اسد قیصر سمیت دیگر ارکان بھوک ہڑتال میں شریک ہوئے۔ اتحادیوں محمود اچکزئی،حامد رضا، راجہ ناصر عباس نے بھی مطالبات کی حمایت کردی ہے۔ الزام عائد کیا گیا ہے کہ ارکان پارلیمان کو ہراساں کیا جارہا ہے یہ معاملہ بھی اٹھایا جائے گا۔بانی چئیرمین پاکستان تحریک انصاف کی رہائی کے لیے ارکان پارلیمنٹ کی بھوک ہڑتال جاری رہے گی ۔کئی سینیٹرز بھی موجود تھے ۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے کہا کہ اس وقت حکومت ملکی اور غیر ملکی دباؤ کا شکار ہے ، ان سے مہنگائی کنٹرول نہیں ہورہی، نواز شریف دور میں آئی پی پیز کے ساتھ مہنگے ترین معاہدے کیے گئے جس کا خمیازہ آج قوم بھگت رہی ہے، یہ حکومت بے حس ہوچکی ہے اس کو قوم کی چیخ و پکار بھی سنائی نہیں دے رہی،،ہم اپنے احتجاج کو مرحلہ وار آگے بڑھائیں گے۔اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری آزادیوں تک جدوجہد جاری رہے گی،پی ٹی آئی آئین کی سربلندی کے لئے اس وقت کوشش کر رہی ہے، بانی پی ٹی آئی سمیت پارٹی قیادت اور خواتین کو رہا کیا جائے، مینڈیٹ کی واپسی تک بھوک ہڑتال جاری رہے گی،سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت آئین معطل ہے آزادی اظہار ہر پابندی ہے، شہریوں آزادیوں پر قدغن لگائی جا رہی ہے، بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو ناحق قید کیا گیا ہے،پاکستان تحریک انصاف کا مینڈیٹ چھینا گیا اور نااہل ٹولہ مسلط کیا گیا۔جمعے کے روز ملک بھر میں پرامن احتجاج ہو گا، بانی پی ٹی آئی کی رہائی تک یہ بھوک ہڑتال جاری رہے گی،پی ٹی آئی پر کوئی پابندی نہیں لگا سکتا، پی ٹی آئی کو عوام نے منتجب کر کے ثابت کیا کہ یہ عوام کے حقوق کی بات کرتی ہے،کابینہ اجلاس میں اراکین کے منہ لٹکے ہوئے تھے اس وقت تحریک انصاف اور بانی پی ٹی آئی قوم کو مشکلات سے نکال سکتے ہیںہر غیر آئینی معاملے کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا۔