پنجاب بھر میں جمعہ 26 جولائی سے اتوار 28 جولائی تک دفعہ 144 کا نفاذ
صوبہ بھر میں جلسہ جلوس، ریلیوں، دھرنوں اور احتجاج پر پابندی لگا دی گئی
پابندی کا اطلاق دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر اور انسانی جانوں و املاک کے تحفظ کیلئے کیا گیا: ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب

لاہور ( ویب  نیوز)

پنجاب بھر میں آج سے 3 روز کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق پنجاب بھر میں جلسہ، جلوس، ریلیوں، دھرنوں اور احتجاج پر 3 روز کیلئے پابندی لگا دی گئی ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پابندی کا اطلاق جمعہ 26 جولائی سے اتوار 28 جولائی تک ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق پابندی کا اطلاق دہشت گردی کے خطرات کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق موجودہ حالات میں سکیورٹی خطرات کے پیش نظر کوئی بھی عوامی اجتماع دہشت گردوں کیلئے سافٹ ٹارگٹ ہو سکتا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ عوامی مفاد میں دفعہ 144 کا نفاذ صوبہ بھر میں کیا گیا ہے اور پنجاب بھر میں انتظامیہ حکم نامے پر عملدرآمد یقینی بنائے گی۔ عوامی آگاہی کیلئے دفعہ 144 کے نفاذ کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔