• محرم الحرام ،وزارت داخلہ کا  ملک بھر میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ
  •   فوج تعیناتی کے حوالے سے وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں سمیت گلگت اور آزاد کشمیر حکومت کو مراسلہ ارسال کردیا

اسلام آباد / کراچی  (ویب نیوز)

وزارت داخلہ نے محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ فوج تعیناتی کے حوالے سے وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں سمیت گلگت اور آزاد کشمیر حکومت کو مراسلہ ارسال کردیا ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت ملک بھر میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، چاروں صوبوں کی درخواست پر فوج تعیناتی عمل میں لائی گئی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب حکومت نے محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے یکم سے 10 محرم تک فوج اور رینجرز کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔پنجاب حکومت نے 9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر پابندی عائد کرنے کا بھی فیصلہ کیا تھا۔پنجاب بھر میں 9ویں اور 10ویں محرم الحرام کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی جبکہ فورتھ شیڈول میں شامل افراد کو نظر بند رکھے جانے کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا۔

  • محرم الحرام ، سندھ بھر میں دفعہ 144 نافذ
  • 9 اور 10 محرم کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی

محرم الحرام کے سلسلے میں سندھ بھر میں دفعہ 144 نافد کر دی گئی جبکہ 9 اور 10 محرم کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔محکمہ داخلہ سندھ نے پابندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔صوبے بھر میں محرم کے دوران اسلحہ لیکر چلنے پر پابندی عائد کی گئی ہے، قانون نافد کرنے والے اداروں کے علاوہ کسی کو اسلحہ لیکر چلنے کی اجازت نہیں ہے۔مجالس اور امام بارگاہ کے علاوہ 5 افراد سے زیادہ کھڑے ہونے پر پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ ہوٹلز اور عوامی مقامات پر وی سی آر اور فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کر دی گئی۔