دھرنا روکنے کے لئے امیرالعظیم سمیت جماعت اسلامی کے 200سے زائد ذمہ داران وکارکنوں کے گھروں پر پولیس کے چھاپے،
کئی شہروں میں جماعت کے دفاتر پر بھی پولیس پہنچ گئی
ہر قیمت پر دھرنا ہوگا کارکنان پوری طاقت کے ساتھ اسلام آباد پہنچیں۔مرکزی سیکرٹری جنرل کا پیغام
حکومتی اقدامات نے دور آمریت کی یادتازہ کردی ہے۔مجاہدچنا
اسلام آباد ،لاہور،کراچی ( ویب نیوز)
وفاقی دارالحکومت کے ڈی چوک میں دھرنا روکنے کے لئے جماعت اسلامی کے سیکرٹری امیرالعظیم سمیت 200سے زائد ذمہ داران وکارکنوں کے گھروں پر پولیس کے چھاپے، کئی شہروں میں جماعت کے دفاتر پر بھی پولیس پہنچ گئی ذمہ داران و کارکنان کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، امیرالعظیم نے واضح کیا ہے کہ عوامی ریلیف کے لئے ہر قیمت پر دھرنا ہوگا قافلوں کو روکا اور کارکنوں گرفتار کیا جا رہا ہے یہ ظلم اور زیادتی قابل مذمت ہے۔جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل امیرالعظیم نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔جماعت کے کارکنان پوری طاقت کے ساتھ اسلام آباد پہنچیں۔ ہم سب ڈی چوک پر جمع ہوں گے۔ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ آئیں متحد ہو کر باہر نکلیں اور مہنگائی کے بت کو پاش پاش کر دیں۔پولیس نے امیر العظیم کے گھر پر چھاپہ مارا تاہم پولیس انھیں گرفتار کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ جماعت اسلامی سندھ کے ترجمان مجاہدچنا نے مرکزی سیکرٹری جنرل امیر العظیم کے گھر پر چھاپے سمیت مختلف شہروں میں کریک ڈاون ،گرفتاریوں،جماعت اسلامی کے کارکنوں کو حراساں و راستہ روکنے کی حکومتی کوششوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوری وآئینی اور پرامن جدوجہد کو روکنا بدترین فسطائیت ہے جس نے دور آمریت کی یادتازہ کردی ہے ایسا لگتا ہے کہ ملک میں جمہوریت نہیں بلکہ عملی طور مارشل لا ہے۔انہوں نے آج ایک بیان میں کہاکہ حکومت اوراسکو چلانے والوں کے اوچھے ہتھکنڈوں سے جماعت اسلامی کوڈرایا اورنہ ہی ان کا راستہ روکا جاسکتا ہے۔شریف حکومت عوام کا راستہ روکنے کی بجائے اپنی ظالمانہ وعوام دشمن پالیسیوں کو بدلے۔حکومت کے ظلم کے خلاف پرامن جدوجہد ہرشہری کاآئینی وقانونی حق ہے جس پرشب خون مارنے کی ہرکزاجازت نہیں دی جاسکتی۔جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں اسلامی نظام کے قیام ظلم وظالم ٹولے کے خلاف اپنی آئینی و پرامن جدوجہد جاری رکھے گی۔