ملک میں سازش کے سرغنہ بانی پی ٹی آئی اور سہولت کار فیض حمید تھے،عطا تارڑ
طالبان کو لا کر بسایا گیا،ملک میں بے امنی کی ذمہ دار یہی لوگ ہیں، ملک کا امن، قومی سلامتی کو نقصان پہنچایا، شواہد سامنے آ رہے ہیں
فوج خود احتسابی نظام پر یقین رکھتی ہے ، تحقیقات کا دائرہ کار بڑھتا نظر آ رہا ، تحریک انتشار کے سربراہ نے نفرت کی سیاست کی
چاہے ثاقب نثار ہو یا کوئی اور ہو، اس ملک میں تباہی پھیلانے کی اجازت نہیں دینگے،چیف جسٹس کی اہلیہ کے حوالے سے لطیف کھوسہ کے بیان کی مذمت کرتا ہوں
ارشد ندیم ہمارا قومی فخر ہے، جو پروٹوکول ارشد ندیم کو دیا گیا وہ وی وی آئی پیز کو بھی نہیں دیا جاتا، خیبرپختونخوا کی حکومت کو بھی ارشد ندیم کیلئے اپنا حصہ ڈالنا چاہیے،پریس کاانفرنس
اسلام آباد( ویب نیوز)
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی سازش کے سرغنہ اور فیض حمید سہولت کار تھے، فوج خود احتسابی نظام پر یقین رکھتی ہے ، تحقیقات کا دائرہ کار بڑھتا نظر آ رہا ہے، یہ صرف اس لئے ہے کہ صرف ایک سیاسی لیڈر نے تحریک انتشار کے سربراہ نے نفرًت کی سیاست کی ۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن)کے قائد نوازشریف نے ملک میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا، ان کی قیادت میں خدمت کاسلسلہ جاری ہے ،میاں نواز شریف نے ملک میں موٹرویز کا جال بچھایا، انہوں نے سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کیں، حکومت پنجاب نے بجلی صارفین کو سہولت پہنچا کر احسن اقدام کیا۔عطا تارڑ نے کہا کہ نواز شریف نے جنوبی ایشیا کی پہلی موٹر وے بنائی، جبکہ کاروبار کی آسانی کی بنیاد بھی نواز شریف نے رکھی، اسی کے تحت پاکستان کا پہلا اکنامک ایکٹ ریفارمز آیا جس نے کاروباری شخص کو سہولت دی۔کرنسی کے حوالے سے ملک میں کوئی ریگولیشنز نہیں تھیں، میاں نواز شریف نے اکنامک ایکٹ ریفارمز کی بنیاد رکھی ۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے پنجاب میں بجلی کے بلوں میں 14 روپے کمی کرنے کے اعلان پر کہا کہ یہ عوام کے درد کو محسوس کرتے ہوئے، مشکلات کا احساس کرتے ہوئے، 45 ارب روپے کی خطیر رقم سے جو یہ معاملہ کیا گیا ہے، تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی ۔ایک سابقہ نگران وزیر سمیت بہت سے لوگ واویلا کر رہے تھے، انہیں اب تعریف بھی کرنی چاہیے، گرمیوں میں پنجاب کے عوام کو آسانی ملے گی ۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب حکومت کے اس قدم کو سراہتے بھی ہیں اور عوامی خدمت کے لئے اس ملک میں منصوبے لگائے ہیں، معیشت کی بہتری کی ہے، 2018 سے پہلے کے دور میں 4 فیصد مہنگائی تھی اور چھ فیصد گروتھ تھی، تو پھر یہ مہنگائی کس دور میں ہوئی؟وزیر اطلاعات نے کہا کہ میاں نواز شریف نے درست فرمایا کہ مہنگائی اس دور میں ہوئی جس دور میں 190 ملین پائونڈ کا کیس ہوا، اس دور میں مہنگائی ہوئی جس دور میں توشہ خانہ، فرح گوگی، پنجاب کا ایک پورا سسٹم تھا، جہاں کرپشن عام تھی اور سائفر کا کیس ہوا، یہ معلوم کرنا ضروری ہے کہ 4 فیصد سے مہنگائی 22 فیصد پر کیسے گئی؟ اور یہ بھی معلوم کرنا چاہیے کہ اب شہباز شریف کے دور میں 11 فیصد پر کیسے آئی ہے؟ عالمی مالیاتی جریدے مہنگائی میں مزید کمی کی پیشگوئی کر رہے ہیں۔14 اگست کو پیٹرول کی قیمتوں میں کمی، بجلی کی قیمتوں میں، تین ماہ کے لئے 50 ارب روپے کی خطیر رقم سے 200 یونٹ والے صارفین کے لئے پہلے ہی سبسڈی دے چکے ہیں، اور وہ 3 ماہ کے لئے ہے، یہ ایک بہت بڑا قدم تھا، بجلی کی قیمت میں 4 سے 7 روپے کمی آئی۔عطا تارڑ نے کہا کہ حالات مزید بہتر ہوں گے، ان حالات میں بہتری لانے کے لئے ریلیف لانے کے لئے میاں نواز شریف کی لیڈر شپ میں اٹھائیں گے۔ انہوںنے جنرل (ر)فیض کے حوالے سے کہا کہ آپ نے دیکھا کہ جس طرح معاملات آگے چلے ہیں اور فوج کے ادارے نے شفاف تحقیقات کی ہیں اور ان کا اپنا احتسابی نظام ہے، فوج خود احتسابی نظام پر یقین رکھتی ہے ، تحقیقات کا دائرہ کار بڑھتا نظر آ رہا ہے، یہ صرف اس لئے ہے کہ صرف ایک سیاسی لیڈر نے تحریک انتشار کے سربراہ نے انتشار کی سیاست کی، نفرت کی سیاست کی، انہوں نے ان لوگوں کے ساتھ گٹھ جوڑ کر کے اس ملک میں بدامنی کرانے کی سازش کی، ملک کی سالمیت کے خلاف انتشار پھیلانے میں سرغنہ بانی پی ٹی آئی تھا اور اس کی مدد جنرل فیض تھا، اس میں اور اداروں کے افراد بھی شامل تھے، چاہے ثاقب نثار ہو یا کوئی اور ہو، اس ملک میں تباہی پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔عطا تارڑ نے کہا کہ یہ بھی قابل ذکر بات ہے کہ یہ بھی گٹھ جوڑ تھا کہ طالبان کو لا کر بسایا گیا، آج ملک میں بے امنی کی ذمہ دار یہی لوگ ہیں، ملک کا امن، قومی سلامتی کو نقصان پہنچایا، شواہد سامنے آ رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کا رابطہ تحریک عدم اعتماد کے دوران بحال تھا، اب بھی جیل میں پیغام رسانی جاری تھی جس طرح باقی صوبوں نے بھی بجلی میں ریلیف دینے کے لئے وفاقی اور بلوچستان کی حکومت کی جانب سے مشترکہ سولر ٹیوب ویلز کا پروگرام آیا ہے، اس کے تحت 28 ہزار سولر ٹیوب ویلز لگیں گے، اس سے بجلی کی بچت بھی ہوگی، کسان کو بھی ریلیف ملے گا۔وزیر اعظم نے حکومت کا حجم کم کرنے کے لئے غیر فعال اور بوجھ بنے ہوئے اداروں کو بند کرنے کے لئے تجاویز طلب کی ہیں، اس پر تیزی سے کام جاری ہے۔لطیف کھوسہ کے چیف جسٹس کی اہلیہ کے حوالے سے بیان پر انہوںنے کہا کہ لطیف کھوسہ کو یہ باتیں زیب نہیں دیتی تھیں، ان کے لیڈر کا وطیرہ ہے، یہ وہی سازش ہے جو بانی پی ٹی آئی اور ان کے حواریوں نے کیا تھا، کیاہی اچھا ہوتا متعصبانہ سوچ کے بارے میں لطیف کھوسہ بتاتے کہ تب آپ نے نہیں کہا ہمارے کیس جسٹس بندیال کی عدالت میں نہ لگائیں۔لطیف کھوسہ کی بات کی میں مذمت کرتا ہوں، جان کر کوشش کی گئی ہے، جو کامیاب نہیں ہوگی، وزیر اطلاعات نے کہا کہ بجلی کے حوالے سے ٹاسک فورس قائم کردی گئی، آئی پی پیز کو بھی دیکھا جا رہا ہے، بجلی کی قیمتوں کو دیر پا کم کرنے کے لئے کام کر رہے ہیں، بجلی چوری کے خلاف صوبائی حکومتوں کو مل کر کریک ڈائون کرنا ہے، سولرائزیشن صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فوج نے خود احتسابی کا عمل شروع کیا ہے، جو کہ خوش آئند ہے، یہ ایک مثال بن رہی ہے، جو کہ دیگر اداروں کو بھی کرنا چاہیے ۔عطاتارڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بھی ارشد ندیم کی حوصلہ افزائی کیلئے کوئی اعلان کریں، خیبرپختونخوا میں ہماری شراکت داری سے سی ٹی ڈی قائم ہورہی ہے، خیبرپختونخوا حکومت کھیلوں کے شعبے میں اپنا کردار ادا کرے، ارشد ندیم ہمارا قومی فخر ہے، جو پروٹوکول ارشد ندیم کو دیا گیا وہ وی وی آئی پیز کو بھی نہیں دیا جاتا، خیبرپختونخوا کی حکومت کو بھی ارشد ندیم کیلئے اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔